پاکستان میں غیر تصدیق شدہ ایک کروڑ موبائل سمز دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے کا خطرہ،پی ٹی اے کی جانب سے احکامات کے باوجود ریونیو میں کمی کے ڈر کے باعث موبائل فون کمپنیاں سم بند کرنے سے گریزاں

ہفتہ 29 جون 2013 20:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29جون۔2013ء) پاکستان میں غیر تصدیق شدہ ایک کروڑ موبائل سمز دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے کا خطرہ،پی ٹی اے کی جانب سے احکامات کے باوجود ریونیو میں کمی کے ڈر کے باعث موبائل فون کمپنیاں سم بند کرنے سے گریز کرنے لگیں۔ پی ٹی اے کے ذرائع کے مطابق اس وقت پاکستان میں ایک کروڑ غیر رجسٹرڈ سمیں لوگوں کے زیر استعمال ہیں۔

موبائل کمپنیوں نے متعدد بار نوٹسز جاری ہونے کے باوجود انہیں بند نہیں کیا جبکہ پولیس حکام کا کہناہے کہ دہشت گردی کے تمام بڑے واقعات میں غیر تصدیق شدہ سمز کا استعمال ہو رہاہے،پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور پی ٹی سی ایل حکام کے مطابق ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد غیر تصدیق شدہ موبائل سمز استعمال ہو رہی ہیں،متعلقہ اداروں نے نجی موبائل کمپنیوں کو ان سمز کو بند کرنے کے لیے نوٹسسز بھیجے مگر ریونیو میں کمی کے ڈر سے انہیں بند نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

غیر رجسٹرڈ موبائل سمز کی وجہ سے جرائم میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو رہاہے۔ پولیس افسران کا کہناہے کہ دہشت گردی کے بڑے واقعات میں غیر رجسٹرڈ موبائل سمز استعمال ہو رہی ہیں۔نجی موبائل کمپنیوں کے حکام کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ پہلے غیر رجسٹرڈ شدہ سمیں فروخت ہوتی تھیں لیکن اب تصدیق کے بغیر کسی کو بھی موبائل سم جاری نہیں کی جا رہی ہے۔عوامی حلقوں کا کہناہے کہ تمام غیر رجسٹرڈ سمز بند نہ کرنیوالی نجی موبائل کمپنیوں کیخلاف کارروائی کی جائے،تاکہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام میں مدد مل سکے۔