پاک، زمبابوے ون ڈے سیریز: پہلے میچ میں پاکستان کو اپ سیٹ شکست، زمبابوے کی 15 سال بعد پاکستان کے خلاف فتح، پہلے ایک روزہ میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی، پاکستان کی جانب سے دیا گیا 246رنز کا ہدف زمبابوے نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 49ویں‌اوور میں‌پورا کر لیا

منگل 27 اگست 2013 20:05

ہرارے(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2013ء) زمبابوے اور پاکستان کے درمیان ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ زمبابوے کی ٹیم 15 سال بعد پاکستان کے خلاف فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ زمبابوے کی جانب سے مساکازا نے شاندار 85 رنز سکور کئے اور ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ہرارے سپورٹس کلب کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام ہو گئی اور مقررہ 50 اوورز میں صرف 245 رنز بنا سکی۔ کپتان مصباح الحق اور محمد حفیظ کے سوا کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، مصباح الحق نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 131 گیندوں پر 83 رنز بنائے اور ناٹ آﺅٹ رہے۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ نے 91 گیندوں پر 70 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ناصر جمشید نے 27، احمد شہزاد نے 24، عمر امین نے ایک، شاہد آفریدی نے 11، حارث سہیل نے 2، سرفراز احمد نے 7 اور سعید اجمل نے 3 رنز بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے ویٹوری اور چتارا نے 2,2 جبکہ اوتسیا نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کے اوپنرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 107 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کی جانب گامزن کر دیا، مڈل آرڈر بلے بازوں نے اوپنرز کی محنت کو ضائع نہ ہونے دیا اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلا دی۔

زمبابوے کی جانب سے مساکازا نے 85، سباندا نے 54، ٹیلر نے 43، ماروما نے 18 اور ولیمز نے 39 رنز بنائے۔ پاکستان کے سعید اجمل نے 2 اور جنید خان نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ سیریز کا دوسرا میچ 29 اگست کو ہرارے میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :