Live Updates

آئینی رکاوٹ نہ ہوئی تو دسمبر 2013ء میں بلدیاتی انتخابات کروا دیئے جائیں گے، صوبے میں پنجابی طالبان تحریک کا کوئی وجود نہیں ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پنجاب حکومت انسداد دہشت گردی پلان ترتیب دے رہی ہے ،پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ،غو ث علی شاہ پارٹی چھوڑ کر اپنا نقصان کریں گے،بلدیاتی نظام میں وزیراعلیٰ کے اختیارات میں اضافہ نہیں ان کے اختیارات کو محدود کیا گیا ہے ،(ن)لیگ رواں سال کے آخر تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی کر دے گی ،حکومت کی پہلی ترجیح لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ دوسری بجلی کی قیمتوں میں کمی ہے ،تحریک انصاف کو انتخابات میں شکست کے بعد دھاندلی کا شورمچانے کی عادت پڑ گئی ہے ،پیپلزپارٹی کا اپنی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے انتخابات میں برا حشر ہوا،صوبائی وزیر قانون رانا ثنا ء اللہ کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 31 اگست 2013 22:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔31اگست۔ 2013ء) صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبے میں پنجابی طالبان تحریک کا کوئی وجود نہیں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پنجاب حکومت انسداد دہشت گردی پلان ترتیب دے رہی ہے ،پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن غو ث علی شاہ پارٹی چھوڑ کر اپنا بہت نقصان کریں گے،بلدیاتی نظام میں وزیراعلیٰ کے اختیارات میں اضافہ نہیں ان کے اختیارات کو محدود کیا گیا ہے ،(ن)لیگ رواں سال کے آخر تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی کر دے گی ،حکومت کی پہلی ترجیح لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ دوسری بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنا ہے ،تحریک انصاف کو انتخابات میں شکست کے بعد دھاندلی کا شورمچانے کی عادت پڑ چکی ہے ،پیپلزپارٹی کا اپنی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے انتخابات میں برا حشر ہوا۔

(جاری ہے)

وہ ہفتے کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ خان نے کہاکہ موجودہ حکومت کے آنے کے بعد بجلی کی پیداوار میں 2ہزارمیگاواٹ تک اضافہ ہوا ہے اور ہم نے کئی سالوں سے واجب الادا پانچ سوارب کا سرکلر ڈیٹ بھی ختم کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جس طرح (ن)لیگ کی حکومت نے میٹرو بس کا منصوبہ دو سال کے بجائے 11ماہ میں مکمل کیا اسی طرح بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ بھی بہت جلد حل کرلیاجائے گا اور بجلی کے ساتھ ساتھ گیس چوروں کے خلاف بھی حکومت کی کارروائی انتہائی کامیاب جا رہی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھاکہ جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کروانے سے سیاسی جماعتیں مضبوط ہوتیں لیکن ہم نے غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کروانے کا فیصلہ کرکے اصل میں جمہوریت اور عوام کومضبوط کیا ہے کیونکہ اب صرف سیاسی جماعتوں کے لوگ ہی نہیں بلکہ عام لوگ بھی بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور نہ ہی دہشت گرد سندھی ، پنجابی، پٹھان یا بلوچی ہیں وہ صرف اور صرف دہشت گرد ہیں اور موجودہ حکومت ان دہشت گردوں کو ناکام بنانے کیلئے مذاکرات سمیت دیگر آپشنز استعمال کر رہی ہے اور جب اس ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا تو ملک معاشی طور پر بھی مضبوط ہو گا ۔

ایک سوال کے جواب میں مزید کہنا تھاکہ کچھ لوگ بلدیاتی نظام کے خلاف عدالت میں گئے ہیں اور اگر کوئی آئینی رکاوٹ نہ ہوئی تو دسمبر 2013ء میں بلدیاتی انتخابات کروا دیئے جائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات