تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے پاکستان بارے بھارتی وزیراعظم کے بیان کو مسترد کردیا ، بھارت مذاکرات سے راہ فرار اختیار کرکے پاکستان پر الزام تراشی کررہا ہے ، بھارت اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا، بھارتی حکومت ووٹ بینک کے لئے الزامات لگا کر یا دنیا کو گمراہ کر کے شکست سے نہیں بچ سکتی ، شیخ جمیل الرحمن

پیر 30 ستمبر 2013 17:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30ستمبر 2013ء) تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمن نے پاکستان بارے بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت مذاکرات سے راہ فرار اختیار کرکے پاکستان پر الزام تراشی کررہا ہے ، بھارت اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا ، بھارتی حکومت ووٹ بینک کے لئے الزامات لگا کر یا دنیا کو گمراہ کر کے شکست سے نہیں بچ سکتی۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کو مسترد کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیر میں رائے شمارے کرانے کے وعدوں سے مکر گیا یہ بھارت کے لئے شرم کی بات ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں سے انحراف کر رہا ہے اور خود کو اس عالمی ادارے کا مستقل رکن بنانے کا مطالبہ بھی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

تحریک المجاہدین کے امیر نے کہا کہ بھارتی فوج کے ذریعے کشمیر میں ترقیا تی فنڈز کا استعمال اور حکومتیں گرانے کے منصوبوں سے ثابت ہو گیا کہ بھارتی فوج کے مالی مفادات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری مجاہدین سے لڑنا ان کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیر میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا اسے ہر صورت کشمیر خالی کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت ووٹ بینک کے لئے الزامات لگا کر یا دنیا کو گمراہ کر کے شکست سے نہیں بچ سکتی۔ انہوں نے کشمیر میں شہید ہونے والے مجاہدین کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی بھارتی قابض فوج کے خلاف کشمیریوں کا ساتھ دے گا اس کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کو بھارت نے فوجی قوت سے اپنا اٹوٹ انگ بنانے کی کوششیں کیں جو ہمیشہ ناکام ہوئیں۔ شیخ جمیل الرحمان نے کہا کہ پا کستان کو دہشتگردی کا مرکز قرار دے کر منموہن سنگھ نے حقائق سے چشم پوشی کی ہے، بھارت میں مسلم کش فسادات اور مسلمانوں و دیگر اقلیتوں سے جابرانہ اور امتیازی سلوک روا رکھنا ایک مستقل روایت بن چکی ہے۔