کراچی میں بدامنی‘ مزید 2افرادہلاک ، علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ، ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث 20ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا، گلستان جوہر میں واقع جمعہ گوٹھ لا ل فلیٹ کے قریب فضل ربی کلینک پر نامعلوم افرادکا کریکرحملہ ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

جمعرات 3 اکتوبر 2013 15:39

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3اکتوبر 2013ء) شہرقائد میں بدامنی ،ملیرکے علاقے سے تشددزہ لاش برآمدملکی ہے جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص ہلاک ہوگیا،کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث20ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔گلستان جوہر میں واقع ایک کلینک کریکر حملے میں تباہ ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملیر کے علاقے صابر آباد سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔تاہم تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ادھر رات بھر شہر میں پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں۔گزری میں کارروائی کے دوران اغوا برائے تاوان کے ملزم کوگرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کی شناخت جہانزیب کے نام سے ہو ئی ہے اور اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اے ایس پی کیماڑی کے مطابق نیٹی جیٹی پل سے 5ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا،ملزمان میں دو اسٹریٹ کرمنلز اور ایک مفرور شامل ہے، ادھر بلوچ کالونی اور محمود آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہو ئے مختلف مقدمات میں ملوث 11 افراد کو گرفتار کر لیاہے ۔ادھرپولیس نے گلبرک پولیس نے مقابلے کے بعد اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزمان کوگرفتار کرلیا،ملزمان کے قبضے سے چھینے گئے موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیااور اسلحہ بھی برآمدکرلیاہے۔

گلستان جوہر میں واقع جمعہ گوٹھ لا ل فلیٹ کے قریب فضل ربی کلینک پر نامعلوم افراد کریکر پھینک کر فرار ہوگئے کریکر دھماکہ اتنا شدید تھا کے اسکی گونج دور دور تک سنی گئی دھماکے سے کلینک مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ پولیس کے مطابق کلینک کے مالک ڈاکٹر این ایل کھتری کو بھتہ ادا کرنے کی کئی روز سے دھمکیاں موصول ہورہی تھی حملے کے وقت کلینک بند تھا جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے معائنہ کرکے علاقے کو کلیئر قرار دیدیا ہے۔ گلشن اقبال میں ڈکیتی میں مزاحمت پر چالیس سالہ سیکیورٹی گارڈ کو ہلاک کردیا گیا جبکہ ملیر کے علاقے شاہ آباد سے بوری بند لاش برآمد ہوئی پولیس کے مطابق مقتول کو اغوا کے بعد گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے