معاشی سرگرمیوں کی بحالی کاکریڈٹ وزیراعظم کوجاتا ہے‘ پاکستان کے قومی مفادات کسی مصلحت پسندی کے متحمل نہیں ہوسکتے‘ کامران مائیکل،کسی صوبہ کاکوئی شہرہو وہاں امن وامان پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،اقلیتوں کے حقوق پرکوئی آنچ نہیں آنے دینگے‘ وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ

ہفتہ 5 اکتوبر 2013 20:42

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5اکتوبر۔2013ء) وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کی بجالی کاکریڈٹ وزیراعظم میاں نوازشریف کوجاتا ہے‘ وزیراعظم نوازشریف اپنے قومی ایجنڈے کی بدولت مقامی اوربیرونی سرمایہ کاروں کااعتماد بحال کرنے میں کامیاب رہے‘ ملک میں قیام امن اورمذہبی ہم آہنگی کافروغ ہماری قیادت کی ترجیحات کاحصہ ہے‘ پاکستان کے قومی مفادات کسی مصلحت پسندی کے متحمل نہیں ہوسکتے، قانون اورامن سے کھیلنے والے شرافت نہیں صرف طاقت کی زبان سمجھتے ہیں‘ زرداریوں کے دوراقتدارمیں کراچی میں جاری کشت وخون کاسدباب کرنے کیلئے کوئی تدبیر نہیں کی گئی جبکہ وزیراعظم میاں نوازشریف کی خصوصی ہدایت پرکراچی میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے کوئی کسرنہیں چھوڑی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کامران مائیکل نے مزید کہا کہ کسی بھی صوبہ کاکوئی شہرہو وہاں امن وامان پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،اقلیتوں کے حقوق پرکوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔سبھی اہم فریق کراچی میں قیام امن کیلئے آپریشن پرمتفق ہیں ،آپریشن کاکمانڈاینڈکنٹرول پوری طرح سندھ کی صوبائی حکومت کے پاس ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن واستحکام کیلئے عوام کی نمائندہ سیاسی قوتوں کے درمیان اتحادویکجہتی ناگزیر ہے۔وزیراعظم میاں نوازشریف کے ہوتے ہوئے کوئی اوراحسن اندازسے جمہوری قوتوں کے درمیان پل کاکردارادانہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت امن وامان کی صورتحال اورمعاشی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے ۔

کراچی کے ٹریڈرزاورعوام کوبھتہ خوروں اورقاتلوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ فوجی آمر پرویز مشرف دور کامتنازعہ ایجنڈا زرداریوں کے ساتھ رخصت ہو گیا،اب پاکستان نے سیاسی ومعاشی اورسفارتی طورپردرست سمت اختیار کرلی ہے ۔اب ایک کے بعدایک قومی بحران پاکستان سے رخصت ہوجائیں گے اورمعاشرے کاہرطبقہ جمہوریت کے ثمرات سے مستفیدہوگا۔