ملت اسلامیہ کو کفار کی یلغار کے سامنے ڈٹ کر کلمہ حق کی آواز بلند کرنا ہو گی‘پیر سید مبارک علی شاہ گیلانی، پاکستان میں جاری دہشت گردی ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہے دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں

جمعہ 11 اکتوبر 2013 17:18

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11اکتوبر 2013ء) دربار عالیہ کھڑی شریف سیداں ضلع سیالکوٹ کے گدی نشین پیر سید مبارک علی شاہ گیلانی نے کہا کہ ملت اسلامیہ کو کفار کی یلغار کے سامنے ڈٹ کر کلمہ حق کی آواز بلند کرنا ہو گی پاکستان میں جاری دہشت گردی ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہے دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ۔ہمیں قرآن و سنت کے مطابق زندگی گزارتے ہوئے انسانی فلاح کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چترپڑی میں سائیں محمد ارشد اور پل منڈا میں راجہ ظہور کی رہائش گاہ پر مریدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر خلیفہ شیخ محمد اقبال ،باؤ ساجد چوہدری ،محمد امین ،محمد مکھن ،محمد آزاد کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے قبل ازیں سر سید مبارک علی شاہ گیلانی جب منگلا برچ پر پہنچے تو انہیں بڑے جلوس کی شکل میں چترپڑی لایا گیا ۔

(جاری ہے)

چترپڑی میں درجنوں افراد نے دربار عالیہ منڈیر شریف سیداں کے گدی نشین پیر سید مبارک علی شاہ گیلانی کے ہاتھوں پر بیت بھی کی ۔پیر مبارک علی شاہ گیلانی نے کہا کہ برصغیر میں اسلام بزرگان دین کی تبلیغ سے پھیلا اور بھٹکی ہوئی انسانیت کو فلاح حاصل ہو ئی ۔انہوں نے کہا کہ آج عالم اسلام کو یہود و نہودکی وجہ سے بے شمار مسائل کا سامنا ہے ۔اگر ملت اسلامیہ خود کو اللہ اور اسکے پیارے رسول حضرت محمد کی تعلیمات کے مطابق ڈھال لے تو کفر کا غلبہ ختم ہو سکتا ہے ۔انہوں نے مریدین کو تلقین کی کہ اپنے آ پ کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں آخر میں پاکستان کی سلامتی و کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔