مقبوضہ کشمیر ، قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف بانیہال میں احتجاجی مظاہرے ، جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ،درجنوں گرفتار ، حالات کشیدہ ہونے پر کرفیو نافذ ، کپواڑہ میں حملے میں بھارتی فوجی ز خمی ، گاڑی الٹنے سے بھارتی پولیس کا اہلکار ہلاک ، بھارتی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں بڑا تلاشی آپریشن شروع کر دیا ،خوف وہراس پھیل گیا

ہفتہ 19 اکتوبر 2013 16:22

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اکتوبر 2013ء) مقبوضہ کشمیرمیں ایک پٹاخہ ساز بھارتی کمپنی کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف بانیہال میں زبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے ،پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ، درجنوں کو گرفتار کرلیا گیا ، کئی علاقوں میں حالات کشیدہ ہونے پر کرفیو نافذ کر دیا گیا اطلاعات کے مطابق سینکڑوں مشتعل مظاہرین نے سرینگر جموں شاہرہ پر کئی گھنٹے تک دھرنا دیکر اسے بلاک کر دیا جس سے شاہرین کے دونوں اطراف ٹریفک کا نظام کئی گھنٹے تک معطل رہا۔

مظاہرین کے مطابق بانیہال سے پانچ کلو میٹر دور ایک گاؤں میں لوگوں نے عید الاضحی کے موقع پر خوشی کے طور پر جو پٹاخے چلائے ان میں بھارتی کمپنی آسام ٹریڈرزنے قرآن پاک کے اوراک استعمال کیے تھے۔

(جاری ہے)

بانیہال کے متعدد دیہات کے لوگوں نے بھارتی کمپنی کے مذموم اقدام کے خلاف زبردست احتجاجی ریلی نکالی ۔ بانیہال کے تاجروں نے بھی مکمل ہڑتال کر کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔

مظاہرین نے آسام ٹریڈرز کے مالکان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ انہوں نے کمپنی مالکان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ادھر مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں ایک حملے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق فوجی اہلکار ضلع کے علاقے ہندواڑہ میں فوج کے ایک گشتی دستے پر ہونے والے حملے میں زخمی ہو گیا۔ واقعے کے فوری بعدبھارتی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں ایک بڑا تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں ضلع بارہمولہ کے علاقے پلہالن میں پابندیوں کا سلسلہ برقرار رہا۔ علاقے میں عید کے روز بھارتی پولیس اور احتجاجی مظاہرین کے درمیان شدید تصادم کے بعد پابندیاں نافذ کر دی گئی تھیں ۔ عید کے روز علاقے میں مشتعل مظاہرین کے پتھراؤ کے نتیجے میں بھارتی پولیس کی ایک گاڑی ایک کھمبے سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک دس زخمی ہو گئے تھے۔دریں ا ثناء ضلع کپواڑہ کے علاقوں لولاب، دیور، ٹکی پورہ اور دوراسہ میں بھارتی فوج کی طرف سے 12اکتوبر کو شروع کیا جانے والا ایک بڑا آپریشن تاحال جار ی ہے۔