قابض اسرائیلی فوج نے عیدالاضحی کے موقع پردو فلسطینی نوجوانوں اسلام موسی اور محمد عاصی کو حراست میں لے لیا، میرے بیٹے کو عید الفطر کے دوران فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں میں قید رکھا گیا تھا ،والدہ کی گفتگو

ہفتہ 19 اکتوبر 2013 16:27

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اکتوبر 2013ء) قابض اسرائیلی فوج نے عیدالاضحی کے موقع پر دو فلسطینی نوجوانوں اسلام موسی اور محمد عاصی کو حراست میں لے لیا اور انہیں عید کے موقع پر ان کے خاندانوں سے دور کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے اسلام اور محمد کو رام اللہ میں ان کے آبائی گھروں پر دھاوا بولنے اور تلاشی لینے کے بعد گرفتار کیا۔

دونوں نوجوانوں نے فلسطینی اتھارٹی کی جیل میں تین ماہ کاٹے تھے اور خیال کیا جارہا ہے ان کی دوبارہ حراست فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیلی فوج کے درمیان سیکیورٹی تعاون کا شاخسانہ ہے۔

(جاری ہے)

اسلام کی والدہ کے مطابق ان کے بیٹے کو عید الفطر کے دوران فلسطینی اتھارٹی کی جیلوں میں قید رکھا گیا تھا جبکہ اب عید الاضحی کے موقع پر اسرائیلی جیلوں میں قید رکھا گیا ہے۔

اسلام کے والد 48 سالہ صلاح موسی کو پہلے ہی رام اللہ میں ایک خطرناک گروہ سے تعلق کے الزام میں 17 بار عمر قید کی سزا سنائی جاچکی ہے اور وہ اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں۔ان دونوں نوجوانوں کو سب سے پہلے فلسطینی اتھارٹی کی فورسز نے گرفتار کیا تھا اور عدالت کے حکم کے نتیجے میں انہیں 15 دنوں کے بعد رہا کردیا گیا تھا۔ مگر ان کی رہائی کے کچھ عرصے بعد ہی انہیں دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔