بھارت جنگ بندی معاہدے پر عمل کرے: پاکستان

ہفتہ 19 اکتوبر 2013 18:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر۔2013ء) ترجمان دفتر خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ معاہدے کو مستحکم بنانے کیلئے ایک نظام کار تجویز کیا ہے۔ ڈی جی ایم اوز کی ملاقات کی تاریخ طے کرنے کا عمل جاری ہے۔ کنٹرول لائن پر کشیدگی پیدا کرکے بھارتی سیاسی جماعتیں انتخابات میں پاکستان مخالف جذبات کو ابھار کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر اسے سخت تشویش ہے اور اس نے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کو مربوط اور مستحکم بنانے کیلئے ایک نظام کار تجویز کیا ہے۔ ڈی جی ملٹری آپریشنز کی ملاقات کیلئے تاریخ طے کرنے کا عمل جاری ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چوہدری نے بتایا کہ پاکستان کو کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر سخت تشویش ہے اور اس نے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد اور کنٹرول لائن پر امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے ایک مربوط اور مستحکم نظام کار تجویز کیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت نے کنٹرول لائن پر موجودہ صورتحال کے تناظر میں ڈی جی ایم اوز کی ملاقات پر اتفاق کیا ہے تا کہ جنگ بندی معاہدہ برقرار رہے اور اس حوالے سے مزید اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی جی ایم اوز کی ملاقات کیلئے تاریخ طے کرنے کا عمل جاری ہے۔

یہ قابل ذکر ہے کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدہ پر عملدرآمد ہی خطے میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ کنٹرول لائن پر کشیدگی پیدا کرکے بھارتی سیاسی جماعتیں آنے والے انتخابات میں پاکستان مخالف جذبات کو ابھار کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہیں اور اس بات کا اظہار بھارتی تجزیہ نگار عالمی ذرائع ابلاغ کے ساتھ بھی بات چیت میں کر چکے ہیں۔ جمعہ کے روز کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عمر فاروق بھی بھارتی حکومت سے سخت الفاظ میں کہہ چکے ہیں کہ جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کیلئے بھارتی حکومت پاکستان کے ساتھ سخت لہجہ میں بات کرے حالانکہ جمعہ کے روز سیالکوٹ کے چپڑال سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلاجواز فائرنگ کی وجہ سے ایک پاکستانی شہری ساجد شہید ہوگیا تھا۔

متعلقہ عنوان :