پنجاب انسداد دہشت گردی فورس کے لیے بھرتیاں اگلے ماہ شروع کرنے کا اعلان

ہفتہ 19 اکتوبر 2013 18:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر۔2013ء) پنجاب انسداد دہشت گردی فورس کے لیے بھرتیاں اگلے ماہ شروع ہوں گی،پانچ سو اہلکاروں کا پہلا دستہ فروری میں تربیت مکمل کرے گا۔پنجاب حکومت نے انسداد دہشت گردی فورس کی تشکیل اور بنیادی ڈھانچے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ فورس کا تنظیمی ڈھانچہ انتہائی مختصر ہو گا،بھرتیاں نومبر سے شروع ہوں گی،پہلا دستہ فروری میں تربیت مکمل کر لے گا، فورس میں بھرتی کا معیار پولیس سے الگ ہو گا جبکہ اس کا کلچر بھی منفرد ہو گا۔

(جاری ہے)

فورس کا اہلکار 75 ہزار روپے تنخواہ حاصل کرے گا ساتھ ہی اسے مکان کی سہولت بھی حاصل ہو گی، فورس کے اہلکار کو کانسٹیبل نہیں کہا جائے گا جبکہ دیگر آفیشلز اور افسروں کی تنخواہیں بھی اسی حساب سے ہو گی۔ابتدائی طور پر دو سال کے لیے دوسرے محکموں سے عارضی طور پر اہلکار لیے جائیں گے لیکن دو سال بعد یہ فورس مکمل طور پر اپنے اہلکاروں پرمشتمل ہو گی۔تعلیمی کیرئیر میں تھرڈ ڈویژن کا حامل کوئی امیدوار بھرتی نہیں ہو سکے گا،صرف فرسٹ اور سیکنڈ ڈویژن کا حامل امیداور ہی درخواست دینے کا اہل ہو گا۔ابتدائی طور پر پانچ سو افراد بھرتی کیے جائیں گے۔جن کی تربیت آئندہ سال فروری تک مکمل ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :