ترکی ، جرمنی اور برطانیہ کے دورے کے دوران پاکستانی ، غیر ملکی سرمایہ کاروں اور حکام سے بجلی بحران کے حوالے سے بات چیت ہوئی ،شہبازشریف ، دورے کا مقصد توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا،سرمایہ کاروں اور حکام سے بات چیت کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے،ہمیشہ ڈرون حملوں کے خلاف آواز اٹھائی ،وزیراعظم نوازشریف نے دورہ امریکہ کے دوران دیگر امور کے علاوہ ڈرون حملوں کے خلاف بھی آواز اٹھائی‘ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 3 نومبر 2013 23:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3نومبر۔2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ ترکی ،جرمنی اور برطانیہ کے دورے کابنیادی مقصد ملک کو درپیش توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے توانائی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی ترغیب دینا تھا‘دورے کے دوران پاکستانی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے علاوہ وہاں کے حکام سے ملاقاتیں ہوئی ہیں،ان ملاقاتوں کے دوران پاکستان کو درپیش بجلی کے بحران اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے- انشاء الله ا ن ملاقاتوں کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے-وہ برطانیہ، ترکی اور جرمنی کے دورے سے واپسی پرعلامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر میڈیا کے نمائندو ں سے بات چیت کر رہے تھے-وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی کے بحران سے نمٹنے اور عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہے ہیں- بجلی کے حصول کے منصوبوں پر بھرپور توجہ مرکوز کی گئی ہے-توانائی کے منصوبوں کے لئے ملکی اورغیر ملکی توانائی کی کمپنیوں سے کئی ایک معاہدے کئے گئے ہیں-انہوں نے کہا کہ حالیہ دورہ کے دوران بھی جرمنی، ترکی اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی توانائی کی کمپنیوں سے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے- ڈرون حملو ں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ڈرون حملو ں کے خلاف آواز ا ٹھائی ہے -وزیراعظم محمد نوازشریف نے بھی امریکہ کے دورے کے دوران دیگر امور پر بات چیت کے علاوہ ڈرون حملوں کے خلاف آوازاٹھائی-انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر پارٹی اجلاس میں مزید مشاورت کی جائے گی او رلائحہ عمل مرتب کیا جائے گا-