میرپور‘ نانگی بازار کی سڑکیں کھنڈرات بن گئیں‘عوام خوار ہونے لگے،ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن نے تو قسم اُٹھارکھی ہے شہری ترقی اور اس کی خوبصورتی کیلئے ایک قدم بھی نہیں اُٹھائیں گے، وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نانگی بازار کی سڑکوں کومرمت کرانے کیلئے ذاتی دلچسپی لیں‘تاجروں کی اپیل

پیر 4 نومبر 2013 15:34

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4نومبر 2013ء) پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے راہنما خواجہ یاسرزرگر نے کہاہے کہ نانگی بازار کی سڑکیں دیکھ کر لگتاہے کہ یہاں بھی ڈراؤن حملہ ہوا ہے نانگی بازار میرپور شہر کاایک بڑا تجارتی مرکز ہے جہاں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں شہری شاپنگ اور دیگر ضروریات زندگی کی خریدوفروخت کیلئے آتے ہیں لیکن یہاں کی سڑکیں دیکھ کر ایسے معلوم ہوتاہے جیسے یہ علاقہ غیر ہے اور شہری اداروں کا اس علاقے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید خدارا نانگی بازار کی سڑکوں کومرمت کرانے کیلئے ذاتی دلچسپی لیں کیونکہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن نے تو قسم اُٹھارکھی ہے کہ شہری ترقی اور اس کی خوبصورتی کیلئے ایک قدم بھی نہیں اُٹھائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے تاجروں کے ایک وفد گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں آزادخطہ میں تعمیر وترقی کے ریکارڈ بنا رہی ہے لیکن بہت ہی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتاہے کہ وزیراعظم کے اپنے آبائی ضلع کے سب سے بڑے تجارتی مرکز کے مین بازار کی سڑکیں اس تمام تعمیر وترقی کا مذاق اُڑارہی ہیں انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کو کئی مرتبہ تاجر راہنماؤں نے ان سڑکات کی حالت زار بارے توجہ دلائی لیکن انہوں نے اس حوالے سے ایک چٹھی تک متعلقہ اداروں کو نہیں لکھی اور نہ ہی ان سڑکات کومرمت کرانے کیلئے کوئی اقدامات اُٹھائے ۔

ہم وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان سڑکوں کی مرمت کیلئے ذاتی طور پر توجہ دیں اور متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے ہدایات جاری کریں تاکہ نانگی بازار کے تاجر اور اس علاقے میں رہنے والے رہائشوں کی مشکلات ختم ہوسکیں ۔

متعلقہ عنوان :