وزیراعظم میاں نواز شریف کا دورہ بلوچستان، کراچی، زلزلہ متاثرین سے ملاقات،ان کے مسائل بھی سنے، کراچی میں امن کے لیے ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری رکھی جائیں، وزیراعظم

جمعہ 8 نومبر 2013 18:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8نومبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے بعد امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کراچی میں رینجرز ہیڈکوارٹر میں امن وامان کے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، وفاقی وزیر داخلہ سمیت اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

رینجرز حکام کی جانب سے وزیراعظم کو کراچی میں جاری کاررائیوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے بعد شہر میں صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں مکمل قیام امن تک ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری رکھیں جائیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو مجرموں سے پکڑا گیا اسلحہ بھی دکھایا گیا جسے دیکھ کر نواز شریف نے حیرانگی کا اظہار کیا اور اسلحہ کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کیں. اجلاس کے دوران وزیراعظم کو دہشتگردوں کی جانب سے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

اس سے پہلے وزیراعظم نواز شریف زلزلے سے متاثرہ بلوچستان کے علاقے آواران پہنچے جہاں انہیں امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور میر حاصل بزنجو بھی اس موقع پر موجود تھے۔اپنے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ناراض لوگوں سے انتقام نہیں لینا چاہتے،ہتھیار اٹھانے والے ہتھیار پھینک کر قومی دھارے میں شامل ہو جائیں۔

نواز شریف نے کہا کہ آواران کو ماڈل ضلع میں تبدیل کریں گے اور ضلع آواران میں شمسی توانائی کے ذریعے بجلی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے زلزلے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو مالی امداد دینے بھی اعلان کیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک نے لوگوں سے اپنے گھروں کو نہ چھوڑنے کی اپیل کی،اس سے پہلے وزیراعظم نے دورہ بلوچستان کے دوران زلزلہ متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔