وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں امن و امان کی بحالی کے لئے ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت ،جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی میں بلیک میل نہیں ہوں گے، وزیراعظم

جمعہ 8 نومبر 2013 19:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8نومبر۔2015ء) وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں امن و امان کی بحالی کے لئے ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ شہر میں موجود جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی میں بلیک میل نہیں ہوں گے۔وزیراعظم نے رینجرزہیڈکوارٹرز کراچی میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس کے دوران ڈی جی رینجرز نے انہیں ٹارگٹڈ آپریشن پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے شہر میں امن وامان کی بہتری کو رینجرز کی صلاحیتوں کا مظہر قرار دیا اور ہدایت کی کہ بدامنی کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار، گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ بھی شریک ہوئے۔بعدازاں وزیراعظم گورنر ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے 2 ماہ سے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران قبضے میں لیے گئے اسلحے کا بھی معائنہ کیا اور جدید اسلحے کی کراچی میں موجودگی پر حیرانگی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے گورنر ہاؤس میں بھی ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں جاری آپریشن کے دوران گرفتار کیے جانے والے افراد کو دیگر صوبوں کی جیلوں میں رکھا جائیگا۔اس موقع پر گورنر ہاؤس میں وزیراعظم سے تاجروں کے وفد نے بھی ملاقات کی، تاجروں سے ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن سیاسی نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ تاجروں کی ملاقات کے بعد ایم کیوایم کا بھی ایک وفد وزیراعظم سے ڈاکٹرفاروق ستار کی قیادت میں ملاقات کرے گا جس میں ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی بابرخان غوری بھی شامل ہوں گے۔