حکومت پاکستان ڈرون حملوں کے حوالے سے معاہدات پوری قوم کے سامنے لائے ،مولانا عبدالعزیز علوی،بلدیاتی انتخابات پر تمام سیاسی پارٹیاں متفق ہوگئیں لیکن ڈرون حملوں پر انتشار کا شکارہیں‘امیر جماعت الدعوہ آزاد کشمیر

ہفتہ 9 نومبر 2013 16:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9نومبر 2013ء) امیر جماعة الدعوہ آزادکشمیر مولانا عبدالعزیز علوی نے کہاہے کہ حکومت پاکستان ڈرون حملوں کے حوالے سے معاہدات پوری قوم کے سامنے لائے ،بلدیاتی انتخابات پر تمام سیاسی پارٹیاں متفق ہوگئیں لیکن ڈرون حملوں پر انتشار کا شکارہیں ۔ایوان میں موجود عوامی نمائندے صرف ذاتی مفادات کو مدنظر رکھ رہے ہیں ،قوم سوکھی روٹی کھانے کو تیارہے حکومت ڈرون بند کرے نیٹوسپلائی روک دے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

انہو ں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمرتوڑ دی ہے اور حکومت معیشت کا رونا رو کر امریکہ سے ڈالر لے کر اپنا پیٹ بھر رہی ہے ۔جبکہ عوام کے مسائل میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آرہاہے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ ڈرون حملوں سے ملکی خودمختاری یرغمال ہوگئی ہے امریکہ جب چاہے پاکستان پر حملہ کردیتاہے اور عوامی نمائندے دل سے اس کی مذمت بھی نہیں کرسکتے ۔ایک دوسرے پر الزامات لگاکر معاملہ گول کردیا جاتاہے ۔

ڈرون حملوں کے خلاف اب تک متفقہ طور پر حکومتی فیصلہ سامنے نہیں آیا ۔جبکہ عوام مسلسل اپنے فیصلے سے آگاہ کررہے ہیں جماعة الدعوہ پاکستان کے زیر اہتمام پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے ریلیوں میں شریک لاکھوں افراد امریکہ سے نفرت کا اظہارکرتے ہوئے حکومت سے فی الفور ڈرون گرانے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔انہو ں نے کہاکہ جب تک ان کو کمک ملتی رہے گی وہ ڈرون حملہ کرتے رہیں گے ۔

نیٹوسپلائی فوری طور پر روک دی جائے ۔اور ایوان میں بیٹھے عوامی نمایندے عوام کی آواز پر کان دھریں اور امریکی غلامی کی بجائے محب وطن ہونے کا عملی ثبوت دیں ۔ پاکستان کا مسئلہ معیشت نہیں داکلی خود مختاری ہے عوام پہلے بھی روکھی سوکھی کھاکر گزارہ رہی ہے آئندہ بھی کرلے گی مگر ملکی سالمیت خودمختاری کو بحال کیا جائے ۔