چاروں صوبوں میں این آئی پی کے تحت بننے والے صنعتی زونز میں نجی بجلی گھر بنائے جائیں‘ وفاقی وزیر صنعت،این آئی پی کی موجودہ لیڈر شپ کی کوششیں قابل تحسین ہیں ،تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے ‘ غلام مرتضیٰ جتوئی

پیر 18 نومبر 2013 19:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18نومبر۔2013ء) وفاقی وزیر برائے صنعت غلام مرتضیٰ جتوئی نے نیشنل انڈسٹریل پارکس کو ہدایت کی ہے کہ ملک کے چاروں صوبوں میں این آئی پی کے تحت بننے والے صنعتی زونوں میں صارفین کی ضروریات پورا کرنے کیلئے نجی بجلی گھر بنائے جائیں۔ وہ این آئی پی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطا ب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے این آئی پی کی موجودہ لیڈر شپ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ملک بھر کے انڈسٹریل زونز میں تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی لائیں تا کہ ان صنعتی زونوں میں جلد ازجلد پیداواری سرگرمیاں شروع ہوسکیں۔

قبل ازیں نیشنل انڈسٹریل پارکس مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محسن سید نے اپنی بریفنگ میں ڈائریکٹرز کو آگاہ کیا کہ ملک کے تمام شہروں میں انڈسٹریل زونز کا قیام عمل میں آسکتا ہے اور اس مقصد کیلئے گوادر سے خنجراب تک جہاں جہاں ریلوے کا انفراسٹرکچر موجود ہے وہاں انڈسٹریل زون قائم کرکے ملک میں لاکھوں روز گار کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

محسن سید نے بتایا کہ این آئی پی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے حال ہی میں کراچی کورنگی کے انڈسٹریل زون میں گیس سے چلنے والے 48 میگاواٹ کے نجی بجلی گھر قائم کرنے کی منظوری دیدی ہے بجلی گھر کی استعداد مرحلہ وار بڑھائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس بجلی گھر کیلئے سوئی سدرن گیس کمپنی نے 9.7 ملین مکعب فٹ گیس فراہم کرنے کی پہلے ہی منظوری دیدی ہے۔

متعلقہ عنوان :