سندھ ہائیکورٹ میں پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت ملتوی

جمعہ 22 نومبر 2013 12:50

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22نومبر 2013ء) سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی سماعت 25 نومبر تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے پرویز مشرف کی جانب سے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی، تاہم سانحہ راولپنڈی کے خلاف وکلا کے عدالتی بائیکاٹ کے باعث سماعت میں پیش رفت نہ ہوسکی، جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 25 نومبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ پرویز مشرف نے سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اکبر بگٹی کیس، بے نظیر بھٹو قتل کیس سمیت تمام مقدمات میں ان کی ضمانتیں منظور ہوچکی ہیں، ان کی والدہ دبئی میں شدید علیل ہیں اور وہ ان کی عیادت کے لئے وہ ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں، لہذا ان کا نام ای سی ایل سے خارج کیا جائے۔