جنرل اشفاق پرویز کیانی دور اندیش ،فرض شناس اور مستعد جرنیل ہیں،سید بازل علی نقوی،کئی محاذوں پر دشمن سے برسر پیکار رہے انہوں نے اپنی تمام تر توجہ پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی پر مرکوز رکھی،وزیرا طلاعات کا خراج تحسین

بدھ 27 نومبر 2013 14:22

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27نومبر 2013ء) وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ قوم جنرل پرویز اشفاق کیانی کی قوم اور ملک کے لیے خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خرا ج تحسین پیش کرتی ہے۔چیف آف آرمی سٹاف نے اپنے چھ سال کے عرصے کے دوران جس اعلی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہر ہ کیا اور کٹھن حالات کا مقابلہ جس پامردی سے کیا اس پر وہ آنے والے فوج کے سربراہ کیلیے مشعل راہ ہے ۔

جنرل اشفاق پرویز کیانی دور اندیش ،فرض شناس اور مستعد جرنیل تھے ۔وزیرا طلاعات نے ان خیالات کا اظہار چیف آف آرمی سٹاف کی مدت مکمل ہونے پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ جنرل کیانی کئی محاذوں پر دشمن سے برسر پیکار رہے انہوں نے اپنی تمام تر توجہ پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی پر مرکوز رکھی اور فوج کو سیاست سے دور رکھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا انہوں نے تمام تر تنقید کو خند ہ پیشانی سے برداشت کیا اور کبھی بھی میڈیا کے خلاف کسی قسم کی لب کشائی تک نہ کی ۔بازل نقوی نے کہا جنرل کیانی کے دور میں پاک فوج میں آئی ٹی کلچر کو فروغ ملا ۔انہوں نے پاک فوج کو عسکری میدان میں دنیا کی دوسری افواج کے ہم پلہ لانے کیلیے انتھک کوششیں کیں اور اس میں کامیاب رہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی قیاد ت میں فوج نے دو ہزار دس کے سیلاب اور بلوچستان میں آنے والے زلزلے کے دوران امدادی کارروئیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور جنرل کیانی نے متعدد بار ان علاقوں کا دورہ کر کے عوام دوستی کا مظاہرہ کیا ۔

انہو ں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں قانون کی عملداری اور سوات میں قیام امن کیلیے جنرل کیانی کی خدمات سنہری حروف سے لکھی جائیں گی ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ جنرل کیانی نے کئی مواقع پر ان علاقوں کے دورے بھی کئے جس سے جوانوں کے حوصلے بلند ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ ان کے دو ر میں سول اور ملٹری اداروں کے درمیان تعاون کو مزید تقویت ملی ۔انہوں نے کہا گیاری آپریشن کو کون بھول سکتا ہے یہ جنرل کیانی ہی تھے جنہوں نے اس واقعے کے فوری بعد علاقے کا دورہ کیا اور آخری شہید کے جسد خاکی کو نکالنے تک آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔

اس لحاظ سے ان کے فولاد ی عزم نے گلیشئر کو شکست سے دوچار کیا اور پاک فوج کے آفیسرز اور جوانوں نے اپنے سالار کے عہد کو پورا کر دکھایا ۔اس طرح جنرل کیانی نے قوم سے کیا گیا وعدہ سچ کر دکھایا ،شہداء کے جسد خاکی نکال کر انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا اس طرح ملک کے دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان شہداء کو خراج عقیدت اور سلا م پیش کیا گیا ۔