حالیہ ڈرون حملوں سے امریکا کے پاکستان اور افغانستان سے تعلقات کشیدہ ہوگئے، امریکی اخبار،شدت پسندوں کو مارنے کیلئے امریکا کے پاس ڈرون کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ، نیویارک ٹائمز ،امریکا کی فضائی کارروائیاں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ٹوٹنے کا سبب بن سکتی ہیں،رپورٹ

ہفتہ 30 نومبر 2013 16:58

نیویارک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30نومبر 2013ء) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں حالیہ ڈرون حملوں سے امریکا کیدونوں ممالک سے تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں۔امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق پاک امریکا تعلقات میں اتار چڑھاوٴ نئی بات نہیں تاہم پے درپے حالیہ ڈرون حملوں نے دونوں ممالک کو ایک بار پھر دشمنی اور دوستی کے دوراہے پرکھڑا کر دیا ہے۔

اخبا ر کے مطابق سی آئی اے کی جانب سے یہ حملے انتہائی نازک وقت میں کیے گئے ہیں۔ ایک طرف پاکستان میں فوجی اقتدار کی منتقلی ہوئی ہے تو دوسری جانب امریکا افغان سیکیورٹی معاہدہ پر حامد کرزئی کے دستخط ہونے ہیں۔اخبارکی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پہلے ہی ڈرون حملوں کے خلاف عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جب کہ تحریک انصاف نے تو ڈرون حملوں کا ذمہ دار پاکستان میں سی آئی اے کے ایجنٹ کو قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف افغانستان میں ڈرون حملوں کے باعث افغان صدر نے سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا ہے۔نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شدت پسندوں کو مارنے کیلئے امریکا کے پاس ڈرون کے علاوہ کوئی آپشن نہیں کیونکہ پاکستان میں کوئی امریکی فوجی اڈا نہیں جبکہ افغانستان میں فوجی کارروائیاں محدود ہوگئی ہیں۔ اخبار کے مطابق امریکا کی فضائی کارروائیاں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ٹوٹنے کا سبب بن سکتی ہیں۔