آصف علی زرداری نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی

پیر 30 دسمبر 2013 17:38

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30دسمبر 2013ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے ایک بار پھر متحدہ قومی موومنٹ کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس ضمن میں سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلدیاتی قانون کے حوالے سے ایم کیو ایم کے تمام تحفظات دور کریں ۔پیر کو نوڈیرو ہاوٴس میں وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران عدالتی فیصلے اور بلدیاتی قانون میں ترامیم سے متعلق دیگر امور پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر صدر آصف زرداری نے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کوہدایت کی کہ ایم کیو ایم کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دی جائے اور وہ اپنی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائیں جس میں آغا سراج درانی، نثار کھوڑو اور منظور وسان سمیت دیگر رہنما شامل ہوں مشتمل تاکہ ایم کیو ایم کے تحفظات دور کئے جائیں۔ملاقات میں آصف علی زردری نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی جب کہ بجلی کے معاملات وفاقی حکومت سے لے کر خود سنبھالنے کا بھی حتمی فیصلہ کیا گیا۔