گیس بحران موجودہ حکومت کو ورثے میں ملا ہے، شاہد خاقان عباسی ، قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں ،عوام کے تعاون کی ضرورت ہے،گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وفاقی وزیرپٹرولیم وقدرتی وسائل کی وفد سے بات چیت

بدھ 1 جنوری 2014 21:24

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم جنوری ۔2014ء) پٹرولیم و قدرتی وسائل کے وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ گیس بحران موجودہ حکومت کو ورثے میں ملا ہے جس پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں اس سلسلے میں عوام کے تعاون کی اشد ضرورت ہے،گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزراولپنڈی سے سابق رکن قومی اسمبلی ملک شکیل اعوان کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا وفد میں سابق ارکان پنجاب اسمبلی ضیاء اللہ شاہ،حاجی ملک عمر فاروق،چوہدری ایاز،حاجی ملک غلام رضا،حافظ عثمان،مقبول احمد خان،چوہدری فخر وڑائچ اور شیخ انور بھی شامل تھے،اس موقع پر جی ایم سوئی گیس راولپنڈی جاوید خان اور جی ایم سوئی گیس اسلام آباد چوہدری اعجاز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے،وفد نے وفاقی وزیر کو سکولوں و کالجزکے طلباء و طالبات اور ملازم پیشہ افراد سمیت غریب گھرانوں کو ناشتے کی تیاری میں درپیش مشکلات باالخصوص نماز جمعہ کے اوقات میں گیس پریشر کی کمی سے متعلق آگاہ کیا،وفاقی وزیر نے ٹی بی ایس جنکشن اسلامیہ ہائی سکول نمبر 4 لیاقت روڈ اور کمیٹی چوک مری روڈ کی اپ گریڈیشن کی منظوری دیتے ہوئے عثمان پورہ ،اتحاد کالونی،کالج روڈ،آریہ محلہ نمبر2 ،چھاچھی محلہ اور نیا محلہ سمیت دیگر علاقوں کو بھی اپ گریڈ ہونے والے جنکشن سے منسلک کرنے کا حکم دیا،وفاقی وزیر نے مسلم ٹاؤن،بہاری کالونی،صادق آباد،ٹیپو روڈ، ڈھوک کھبہ،خیابان سرسید، ڈھوک مٹکال،پیرودھائی،آریہ محلہ،چمن زار کالونی،کشمیر کالونی،اکال گڑھ ،ورکشاپی محلہ،چٹیاں ہٹیاں ،لنڈا بازار،بھابھڑا بازار،کرتار پورہ،رتہ امرال اور موہن پورہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی پرانی پائپ لائنوں کی فوری مرمت کا حکم دیا تاکہ پریشر کمی کی شکایت دور ہوسکے،وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمیں عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے،سردی بڑھنے سے گیس کے استعمال میں بڑی حد تک اضافہ ہوا ہے،میری عوام سے اپیل ہے کہ وہ گیس ہیٹر ،گیزر اور کمپریسر کے استعمال سے زیادہ سے زیادہ پرہیز کریں تاکہ مشکلات میں اضافے کی بجائے کمی واقع ہوسکے ،انشاء اللہ ہم جلد بحران پر قابو پالیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جی ایم راولپنڈی کو معاملات کی نگرانی اور وزارت کو ہفتہ وار رپورٹ بھجوانے کی بھی ہدایت کی۔