پرویز مشرف نے اہم ادارے کو غیر جمہوری اقدام میں ملوث کر کے ایک اور غداری کی ، تمام اداروں کو ملوث نہ کریں،سینئر وزیر سندھ،بلدیاتی قانون کو اسمبلی ختم کرچکی ہے تو پھر2001کے بلدیاتی قانون کی پوزیشن پر سندھ میں بلدیاتی انتخابات کیسے ممکن ہونگے ،نثار احمد کھوڑو کی میڈیا سے بات چیت

جمعرات 2 جنوری 2014 23:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 جنوری ۔2014ء) سندھ کے سینئروزیرتعلیم وخواندگی نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پرویز مشرف عدالت جانے کے خوف سے بیمارہوگئے ہیں ، انہوں نے اہم ادارے کو غیر جمہوری اقدام میں ملوث کر کے ایک اور غداری کی ہے ،تمام اداروں کو ملوث نہ کریں۔ سندھ حکومت18جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کوتیار ہے لیکن سندھ ھائی کورٹ نے اسمبلی کے منظور کیے گئے 2013 کی حلقہ بندی والے قانون کو مسترد کرکے ابہام پیدا کردیا ہے۔

2001 کے بلدیاتی قانون کو اسمبلی ختم کرچکی ہے تو پھر2001کے بلدیاتی قانون کی پوزیشن پر سندھ میں بلدیاتی انتخابات کیسے ممکن ہونگے اس لئے الیکشن کمیشن پیچیدگیوں کو ختم کرائے اور اگر عدالت نے نئی حلقہ بندیوں کاحکم دیا ہے تو پھر انتخابی شیڈول بھی نیا جاری کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو سندھ اسمبلی میں واقع اپنے دفتر میں کراچی میں متعین قائم مقام قونصل جنرل Anupana Pratti Patiسے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کرانا صوبے کی ذمہ داری ہے اور الیکشن کمیشن صوبے کی مشاورت سے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کی پابند ہے تاہم سندھ حکومت18 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کیلے تیار ہے مگر عدالت نے اسمبلی کی جانب سے ختم کردہ 2001 کے بلدیاتی قانون کی پوزیشن پر انتخابات کرانے کا فیصلہ دے کر معاملے کو الجھا دیا ہے ، جب امیدواروں نے کاغذات نامزدگی ایک حلقہ سے بھرے ہیں اور عدالت نے وہ حلقہ بندیاں ہی ختم کردی تو امیدوار کونسے حلقے سے خود کو امیدوار سمجھے یہ ایک پیچیدگی ہے جس کو الیکشن کمیشن ختم کرائے۔

انھوں نے کہا کہ عدالت کے اس فیصلے کے خلاف سندھ حکومت سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرے گی اس حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو کیس تیارکرنے کی ہدایت کی گئی ہے اوراپیل میں سندھ کا موقف سب کے سامنے آجائے گاکہ ہم کتنا وقت مانگتے ہیں اوراگروقت نہیں دیا جاتا اور18جنوری کوہی انتخابات کرانا چاہتے ہیں تو 2001کے قانون کو اسمبلی نے ختم کردیا ہے تو پھر اُس پوزیشن پر انتخابات کیسے ہونگے ۔

انھوں نے کہا کہ اس صورتحال میں الیکشن کمیشن کیوں خاموش ہے؟ وہ بتائے کہ امیدوار کونسے حلقے سے کھڑے ہونگے ۔ نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ سپریم کورٹ اپیل میں سندھ کا موقف سنے گی اور ھائی کورٹ کے دیئے گئے فیصلے کو آنکھیں بند کرکے نہیں مانا جائے گا ۔انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سمت اپوزیشن سے ملاقات کرینگے اور بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے ہیں کیونکہ جمہوریت میں بات چیت کے دروازے بند نہیں ہوتے ۔قبل ازیں نثاراحمد کھوڑو سے قائم مقام امریکی قونصل جنرل نے ملاقات کی جس میں بلدیاتی انتخابات سمیت مختلف معاملات اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔