بلدیاتی الیکشن کا انعقاد مسلم لیگ (ن) کیلئے سیاسی خود کشی کے مترادف ہے،راجہ راشد حفیظ

جمعہ 3 جنوری 2014 17:29

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3جنوری 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کا انعقاد مسلم لیگ ن کیلئے سیاسی خود کشی کے مترادف ہے اور اسی وجہ سے وہ الیکشن کروانے سے فرار کے بہانے تلاش کر رہی ہے ․ اگر ن لیگ نے بلدیاتی الیکشن نہ کروائے تو اس کی رہی سہی مقبولیت بھی بالکل ختم ہو جائیگی اور الیکشن کا التواء اسے بہت مہنگا پڑیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے کارکنوں سے اپنے دفتر میں بات چیت کرتے ہوئے کیا ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست کی بنیاد جھوٹ پر ہے جو عوام سے کچھ کہتے ہیں اور ان کے عملی اقدامات کچھ اور ہوتے ہیں ․ بلدیاتی الیکشن کے بر وقت انعقاد دمیں صرف اور صرف ایک ہی رکاوٹ ہے اور وہ رکاوٹ لیگی قیادت کا ڈر ہے کہ وہ بری طرح شکست سے دوچار ہونگے ․ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے موقع پر جب کہ بلدیاتی اداروں کے امیدواروں کا کاغذات نامزدگی تک کی سکروٹنی ہو چکی ہے اور عوام بھر پور تیاری کر رہے ہیں ، بلدیاتی الیکشن کے التواء کا اعلان عوام کو شدید مضطرب کرے گا جو پہلے ہی بجلی ، گیس اور دیگر بحرانوں کے ستائے ہوئے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ ہم بلدیاتی الیکشن کے التواء کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔