حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد مرحبا،ملک بھرکی طرح آزادکشمیرمیں بھی استقبال ربیع الاول کے فقیدالمثال جلوسِ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد

جمعہ 3 جنوری 2014 17:32

مظفرآباد/نیلم/ہٹیاں بالا/کوٹلی/میرپور/راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3جنوری 2014ء)حضورصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد مرحبا،ملک بھرکی طرح آزادکشمیرمیں بھی استقبال ربیع الاول کے فقیدالمثال جلوسِ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد،ہزاروں غلامان رسول اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کے اظہارکے لے سڑکوں پر نکل آئے،روح پرورمناظر،ہرسوصل علیٰ کی صدائیں بلند،مظفرآبادمیں میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی اور جلوس میں غلامان رسول کا سیلاب امنڈ آیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی طرح آزادکشمیرمیں بھی استقبال ربیع الاول میں میلادالنبیﷺجلوسوں کاانعقادکیاگیا۔مظفرآباد،نیلم،ہٹیاں بالا،میرپور،کوٹلی،باغ اور روالاکوٹ سمیت دیگر اضلاع میں بعدنمازجمعہ میلادالنبیﷺ کے جلوسوں میں ہزاروں غلامان رسول نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

دارالحکومت مظفرآبادمیں سب سے بڑا جلوس دعوت اسلامی اور دیگرتنظیم ہاء اہلسنت کے زیراہتمام نکالاگیا۔

جلوس کا آغازغوثیہ چوک حمام والی مسجد سے ہوا۔جس کی قیادت مرکزی سیرت کمیٹی ،دعوت اسلامی،تحریک منہاج القرآن،جماعت اہلسنت،سنی تحریک،انجمن عاشقان مصطفی اور دیگرتنظیموں کے رہنماؤں اور اکابر علماء کرام نے کی۔مرکزی سیرت کمیٹی کے ترجمان سفیراحمدرضا کے مطابق میلادالنبیﷺ کے جلوسوں میں ہزاروں غلامان رسول نے شرکت کی ، جلوس کے شرکاء نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کئے اور ”سرکارصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمدمرحبا،آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمدمرحبا“سیدی مرشدی،یانبی یانبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم“کے نعرے لگاتے ہوئے اپنے مقررہ راستوں سے گزرکر ماحول پر روحانیت طاری کردی۔

جگہ جگہ جلوسوں کا استقبال کیاگیااور گل پاشی بھی کی گئی۔مظفرآبادمیں ایک جلوس غوثیہ چوک حمام والی مسجد سے نکالاگیا جس میں اہلسنت کی مختلف تنظیموں کے ذمہ داران اور کارکنوں نے شرکت کی۔ائیرپورٹ کے مقام پر بھی حسب سابق میلادمصطفی کمیٹی کے زیزراہتمام میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی نکالی گئی،ریلی میں گاڑیوں اور موٹرسائیکل سواروں نے شرکت کی اور ائرپورٹ کی فضاء نعرہ ہاء تکبیرورسالت سے گونجتی رہی۔

میلادریلی کی قیادت مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمدرضا،میلادکمیٹی کے رہنماؤں خادم حسین قریشی اور دیگر نے کی۔اس موقع پر دعوت اسلامی کے نگران سیدجنیدرضا قادری،معروف علمائے کرام ،امیرتحریک منہاج القرآن علامہ محمدپرویزقریشی ناظم اعلیٰ مرکزی جماعت اہلسنت علامہ قاری ضیاء المصطفیٰ منور،علامہ محمدبشیرنقشبندی،علامہ محمدحسن حقانی،علامہ عبدالرحمان قادری،علامہ ظہوراحمدچشتی،علامہ شجاع الرحمان،علامہ آفتاب حسین چشتی، اے ٹی آئی کے ناظم راجہ ذاکرخان،سنی تحریک کے خورشیدبانڈے،عامرقادری،عادل عزیز کیانی،اظہرحسین اعوان،سیدنوید حسین شاہ بخاری سمیت تاجررہنماؤں،مساجدکمیٹیوں کے ذمہ داران،طلباء رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

علمائے کرام نے اپنے خطاب میں جشن میلادالنبیﷺ کے فضائل بیان فرمائے اور حضور رحمت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر روشنی ڈالی۔علماء کرام نے کہاکہ حضور سرورعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کائنات پر اللہ کا سب سے بڑا فضل و احسان ہے ۔اللہ رب العالمین نے کائنات کوبے پناہ نعمتیں عطافرمائی ہیں لیکن کسی نعمت پر احسان نہیں جتلایا مگر جب حضور سیدعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت ہوئی تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت کو مومنین پر احسان فرمایا۔

انہوں نے کہاکہ قرآن کریم نے واضح طورپر اللہ کی نعمتوں کا چرچا کرنے کاحکم ہے اور حضور رحمت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ئینات کی سب سے بڑی نعمت اور کل عالم کے لئے رحمت ہیں اس لئے لازم ہے کہ مسلمان آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد پر اللہ کے حضور اظہارتشکرکے لئے اس نعمت ورحمت کا خوب خوب چرچا کریں۔