سندھ دھرتی ماں ہے اور ماں کو کوئی تقسیم نہیں کرسکتا، الطاف حسین، کبھی سندھ کی تقسیم کی بات نہیں کی لیکن اگر شہری آبادی پیپلزپارٹی کو قبول نہیں کرتی تو شہری آبادیوں پر مشتمل سندھ ٹو کے نام سے الگ صوبہ بنا دیا جائے، قائد متحدہ قومی موومنٹ

اتوار 5 جنوری 2014 19:04

سندھ دھرتی ماں ہے اور ماں کو کوئی تقسیم نہیں کرسکتا، الطاف حسین، کبھی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جنوری۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سندھ توڑنے کی آرزو کسی کی نہیں ہے سندھ دھرتی ماں ہے اور ماں کو کوئی تقسیم نہیں کرتا۔کراچی میں جلسے سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا ہے کہ میں نے کبھی سندھ کی تقسیم کی بات نہیں کی لیکن اگر شہری آبادی پیپلزپارٹی کو قبول نہیں کرتی تو شہری آبادیوں پر مشتمل سندھ ٹو کے نام سے الگ صوبہ بنا دیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ آج کے جلسے میں شرکا کی تعداد دیکھ لیں اور اس کے میرٹ کے لحاظ سے تقسیم کرلیں۔الطاف حسین نے کہاکہ یہ بات صدیوں سے چلی آرہی ہے جب دنیا میں کسی کو عددی لحاظ سے وسائل میں سے ایمانداری سے حصہ نہیں ملتا تو وہاں احساس محرومی اور بے چینی پیدا ہوتی ہے اور وہ احتجاج میں بدلتی ہے لیکن اگر احتجاج کو دبایا جاتا ہے تو احتجاج پرتشدد مظاہروں اور بعد میں بات جنگ و جدل تک پہنچ جاتی ہے لیکن اس کے باوجود معاملہ میز پر بیٹھ کر ہی حل ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اس لئے میں کہتا ہوں بہت زیادہ خون بہنے کے بجائے میز پر بیٹھنے میں ہی بہتری ہے۔ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھاکہ جماعت اسلامی کے رہنما سراج الحق نے کہاکہ اگر خیبر پختونخوا کو حقوق نہ ملے تو سانحہ ڈھاکہ جیسا واقعہ دوبارہ پیش آسکتا ہے۔ منور حسن کی جانب سے پاک فوج کو قتل کرنے والوں کو شہید کہا گیا لیکن ملک میں کوئی قیامت نہیں آئی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے جانب سے کہا گیا اگر کالا باغ ڈیم بنا تو ملک کے ٹکڑے ٹکڑے ہوجائیں گے لیکن اس پر کسی نے کوئی بات نہیں کی۔