سندھ کو شہری نمبر 1اور نمبر 2 میں تقسیم کر کے پاک دھرتی پر ایک اور سانحہ کیلئے راہ ہموار کی جارہی ہے‘ سراج الحق ، الطاف حسین کا الگ صوبے کا مطالبہ پاکستان توڑنے کی سازش ،ملک کیلئے زہر قاتل ہے ‘ سینئر وزیر خیبر پختونخواہ

پیر 6 جنوری 2014 22:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6 جنوری ۔2014ء) سینئر وزیر خیبرپختونخوا اور نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ایم کیو ایم کے رہنماء الطاف حسین کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کو شہری نمبر 1اور نمبر 2 میں تقسیم کر کے پاک دھرتی پر ایک اور سانحہ کیلئے راہ ہموار کی جارہی ہے، الطاف حسین کا الگ صوبے کا مطالبہ پاکستان توڑنے کی سازش اور ملک کے لیے زہر قاتل ہے ۔

اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ الطاف حسین نے اپنی تقریر میں امیر جماعت اسلامی سید منورحسن اور میرا نام لے کر عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ پاکستان کی سا لمیت اور تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور عبدالقادر ملا کی شہادت اس کا زندہ ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حقوق کے لیے جد وجہد کرنا آئینی حق ہے جس کے ہمیشہ میں نے آواز بلند کی ہے ۔

خیبرپختونخوا کو مسائل کا سامنا ہے اور سنگین بحرانوں سے دوچارہیں۔ لیکن مرکز ی حکومت نے ہمارے آئینی حقوق بجلی کی خالص منافع ، گیس رائیلٹی اور مرکزی حکومت کے طے کردہ منصوبوں میں ہمیشہ نظر انداز کیا ہے ۔ جس کے خلاف ہمیشہ اسمبلی اور اسمبلی سے باہر میں نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے ۔انہوں نے کہاکہ میر ا آج بھی موقف ہے کہ بے انصافیوں کے نتیجے میں احساس محرومیوں میں اضافہ ہوتا ہے اور بنگال کا واقعہ بھی اسی احساس محرومی کانتیجہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کو تمام غریب صوبوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ سانحات رونما نہ ہو۔