Live Updates

تحریک انصاف عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہے،شیریں مزاری، انتخابی نظام کی اصلاح کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، الیکٹرونک ووٹنگ لازم قرار دینے کیلئے قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں قانونی مسودہ پیش کیا جائیگا، پرویز رشید کے بیان پر رد عمل

منگل 7 جنوری 2014 22:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور انتخابی نظام کی اصلاح کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی ۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں الیکٹرونک ووٹنگ لازم قرار دینے کیلئے قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں قانونی مسودہ پیش کیا جائیگا۔ اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف متعدد مرتبہ حکومت کو ملک بھر سے تحریک انصاف کی جیتی ہوئی نشستوں کے نتائج کی انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے دوبارہ جانچ کی دعوت دے چکے ہیں اور اس معاملے میں حکومت کی معاونت کا اعلان کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے میں وزیراطلاعات پرویز رشید کی جانب سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کے عدالت میں زیر التواء معاملے کو غلط رنگ دینے کی کوشش قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان وہ واحد سیاسی قائد ہیں جنہوں نے حکومت کو 4حلقوں میں نتائج کی جانچ کے ساتھ ملک بھر میں کسی بھی حلقے کی تحقیقات کیلئے تعاون کی پیشکش کی ہے چنانچہ مناسب ہے کہ وزیراطلاعات و نشریات جرات و ہمت کا مظاہرہ کریں اور اس سمت میں پیش رفت کریں۔

ان کے مطابق تحریک انصاف یقین دہانی کرواتی ہے کہ تحقیقات کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہیں کریگی اور اس کے اراکین ووٹوں کی دوبارہ گنتی رکوانے کی خاطر عدالتوں سے حکم امتناعی کے حصول کیلئے دوڑ دھوپ نہیں کریں گے۔ انہوں نے لاہور میں مسلم لیگ نواز کے طرزِ عمل کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم لاہور کے حلقوں میں پوشیدہ حقائق سے آگاہی چاہتی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے انتخابی نتائج کی جانچ پر مسلم لیگ نواز کی بے چینی معنی خیز ہے اور قوم جانتی ہے کی وفاقی حکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں ان تحقیقات سے بچنے کیلئے نادرا جیسے معتبر ادارے کو تباہ کرنے پر پوری طرح آمادہ ہے ۔ اپنے بیان میں چیئرمین عمران خان کے حوالے سے وزیراطلاعات و نشریات کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ مسلم لیگ نواز اور اس کی قیادت آمریت سے اپنی دیرینہ قربت کی ایک تاریخ رکھتے ہیں جس سے پوری قوم بخوبی آگاہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرویز رشید جانتے ہیں کہ ایک فوجی آمر نے ان کی حالیہ جماعت کی ایک عرصہ تک پوری طرح پرورش جبکہ دوسرے نے پوری ذمہ داری سے ان کے قائد کو اہل خانہ سمیت تمام خطرات سے محفوظ رکھنے کی خاطر سعودی شہنشاہ کی پناہ میں دیاچنانچہ چیئرمین تحریک انصاف کا آمریت سے ناطہ جوڑنا ایک مضحکہ خیز اقدام ہے جسے عوام مسترد کرتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات