امریکہ کی وزارت دفاع پینٹاگون کا جنوبی کوریا میں مزید 800 فوجی تعینات کرنے کا اعلان

بدھ 8 جنوری 2014 12:58

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8جنوری 2014ء) امریکہ کی وزارت دفاع پینٹاگون نے جنوبی کوریا میں مزید 800 فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے جن کے ساتھ ٹینک اور دیگر فوجی ساز و سامان بھی وہاں بھیجا جائے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق فیصلہ بظاہر خطے میں سلامتی کے خدشات خاص طور پر شمالی کوریا کی جانب سے دھمکیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔اضافی فوجیوں کی تعیناتی سے متعلق یہ اعلان ایسے وقت کیا گیا جب امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے واشنگٹن میں جنوبی کوریا کے اپنے ہم منصب یون بینگ سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

انھوں نے مہمان وزیر خارجہ کو یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے امریکہ جنوبی کوریا کے ساتھ کھڑا رہنے کے عزم پر قائم ہے۔جان کیری نے کہا کہ شمالی کوریا کی جانب سے درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دونوں ملک پوری طرح تیار ہیں اور کہا کہ خاص طور پر پیانگ یانگ میں حالیہ ہفتوں کے دوران ہونے والے واقعات کے بعد کی صورت حال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔امریکی وزیر خارجہ کے اس بیان کا اشارہ بظاہر شمالی کوریا کے رہنماء کم جونگ ان کے پھوپھا کی سزائے موت پر عمل درآمد کی جانب تھا۔ شمالی کوریا کے دوسرے با اثر رہنما جیانگ سانگ تھیک کی سزا پر دسمبر میں عمل درآمد کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :