وزیراعلیٰ پنجاب سے توانائی کے شعبہ سے وابستہ بین الاقوامی کمپنیوں کے وفد کی ملاقات‘ توانائی کے شعبہ میں تعاون پر تبادلہ خیال،توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جا رہے ہیں‘ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں،پنجاب میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں‘ غیر ملکی کمپنیوں سے توانائی کے شعبے میں تعاون کے متعدد معاہدے کئے،ایک ایک لمحہ قیمتی ہے‘ توانائی کے منصوبوں کو برق رفتاری سے آگے بڑھا رہے ہیں‘ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی وفد سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 9 جنوری 2014 21:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے، ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کو توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کیا جا رہا ہے اور متعدد ممالک کی توانائی کی کمپنیوں سے توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لئے معاہدے کئے گئے ہیں،توانائی کے شعبے میں تعاون کے معاہدوں پر برق رفتاری سے عملدرآمد کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں توانائی کے شعبہ سے وابستہ بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں توانائی کے شعبہ بالخصوص سولر پاور منصوبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور ڈویژن‘ وائس چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ‘ چیف ایگزیکٹو آفیسر قائد اعظم سولر پارک اور متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں اور سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سولر‘ ہائیڈل‘ گنے کے پھوگ‘ ہوا‘ بائیوگیس‘ بائیوماس اور کوئلے سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور توانائی کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بہاولپور میں وسیع قطعہ اراضی پر قائد اعظم سولر پارک بنا رہی ہے اور حکومت اپنے وسائل سے اس پارک میں 100 میگاواٹ کا پاور پلانٹ لگا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم سولر پارک میں انفراسٹرکچر کی فراہمی کا کام برق رفتاری سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے ایک ایک لمحہ قیمتی ہے توانائی بحران کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :