اللہ کی زمین پر اللہ کا قانون نافذ ہونے سے ہی مسلمانوں کا کھویا ہوا وقار بحال ہوسکتا ہے ، جماعت ا سلامی مقبوضہ کشمیر

ہفتہ 11 جنوری 2014 12:43

سرینگر ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جنوری 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی کے امیر محمد عبداللہ وانی نے کہا ہے کہ اللہ کی زمین پر اللہ کا قانون نافذ ہونے سے ہی مسلمانوں کا کھویا ہوا وقار بحال ہوسکتا ہے ،اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر ہی دنیا اور آخرت میں کامیاب ہوسکتے ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اللہ کی زمین پر اللہ کا قانون نافذ ہونے سے ہی مسلمانوں کا کھویا ہوا وقار بحال ہوسکتا ہے اور انسانیت کے تمام مسائل بھی از خود حل ہوجائیں گے۔

حضور تمام انسانیت کی ہدایت کے لیے مبعوث کیے گئے اور آپ نے اللہ کی کتاب کی تعلیم دے کر قیامت کی صبح تک انسانیت کو اللہ کے فراہم کردہ ضابطہ حیات سے نہ صرف متعارف کیا بلکہ عملا مدینہ کی فلاحی اسٹیٹ قائم کرکے انسانیت کوخدائی نظام کا بہار دکھایا۔

(جاری ہے)

امیر موصوف نے کہا کہ قرآن میں تمام مسائل کا حل ہے اور یہ واحد کتاب ہے جو انسانیت کو دنیا و آخرت کی فلاح کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔

یہ خالص مسلمانوں کی ہی کتاب نہیں ہے بلکہ یہ پوری انسانیت کی ہدایت کے لیے نازل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید نہ فرقہ پرستی کا درس دیتا ہے او رنہ ہی اِس سے اونچ نیچ اور سماجی بھید بھاو کا درس ملتا ہے بلکہ یہ کتابِ رحمت ہے جو انسانیت کو جوڑنے کا کام کرتی ہے، اولادِ آدم کو فلاحِ دنیا وفلاحِ آخرت کی راہ دکھاتی ہے۔ محمد عبداللہ وانی نے کہا کہ رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم انسانی حقوق کے محافظ ہیں اور آپنے سماج کے تمام طبقوں بشمول خواتین کو عزت کے مقام پر فائز کیا۔

امیر جماعت نے کہا کہ افسوس کا مقام یہ ہے کہ ہم مسلمان اس وقت حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہونے کا دعوی تو کرتے ہیں اور آپ کے عشق اور محبت کا بھی زبانی دعوی رکھتے ہیں مگر ان کی تعلیمات اور ان کے لائے ہوئے دین کو پس پشت ڈال کر من مانی کرنے کا جرم عظیم بھی ہم سے سرزدہو رہا ہے۔ امیر جماعت نے کہا عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا تقاضا ہے کہ ہم قرآن کی جانب رجوع کریں، اقامت دین کا کام کریں اور اللہ تعالی کابھیجا ہوا ضابطہ حیات پورے روئے زمین پر نافذ کرنے کے لیے جدوجہد کرنے کے علاوہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغام اور تعلیمات کو غیر مسلموں تک پہنچانے کا کام انجام دیں۔

متعلقہ عنوان :