Live Updates

قائداعظم سولر پارک میں 100میگاواٹ کا سولر پاور پراجیکٹ توانائی کے شعبہ میں رول ماڈل ثابت ہوگا‘ شہباز شریف

پیر 13 جنوری 2014 15:53

قائداعظم سولر پارک میں 100میگاواٹ کا سولر پاور پراجیکٹ توانائی کے شعبہ ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے قائداعظم سولر پارک میں 100میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ لگا رہی ہے، سولر پاور پلانٹ کے منصوبے پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جائے گا، منصوبے پر عملدرآمد کیلئے انفراسٹرکچر کی فراہمی کا کام تیزی سے جاری ہے، توانائی کی12 معروف کمپنیوں نے منصوبے کیلئے پری کوالیفائی کیا ہے، 100میگاواٹ کا سولر منصوبہ توانائی کے شعبہ میں رول ماڈل ثابت ہوگا۔

وہ سوموار کے روز یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں قائداعظم سولر پارک میں 100 میگاواٹ سولر پاور پلانٹ کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ سابق چیئرمین واپڈا طارق حمید، ایم پی اے علی کھوکھر، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، صدر بینک آف پنجاب، جرمن کنسلٹنٹ ڈاکٹر جیرون ڈریسمین، ایم ڈی این ٹی ڈی سی، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم سولر پارک میں 100 میگاواٹ کا سولر پاور پراجیکٹ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جسے پنجاب حکومت اپنے وسائل سے مکمل کرے گی۔ اس منصوبے پر دن رات کام کرکے جلد سے جلد شفاف اورمعیاری انداز میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 100میگاواٹ کا سولر پاور پراجیکٹ ہر لحاظ سے ایک رول ماڈل منصوبہ ہوگا اور مستقبل میں سولر پاور منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے روڈ میپ کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کو ٹیم ورک اور قومی جذبے کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جرمن کنسلٹنٹ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، چیف ایگزیکٹو آفیسر قائداعظم سولر پارک اور دیگر متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر جرمن کنسلٹنٹ نے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت نے سولر منصوبے کیلئے انتہائی موزوں مقام کا انتخاب کیا ہے جو کہ سولر پاور پراجیکٹ کیلئے انتہائی سودمند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم سولر پارک میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کا کام انتہائی تیز رفتاری سے ہو رہا ہے۔ پنجاب حکومت کا یہ منصوبہ توانائی کے شعبے میں بہت اہم پیش رفت ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر قائداعظم سولر پارک نجم شاہ نے سولر پاور پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :