آزادکشمیر کے دیگر اضلاع کی نسبت دارالحکومت کو جبری لوڈ شیڈنگ کا نشانہ بنا کر انتقام لیا جا رہا ہے،بیرسٹر افتخار علی گیلانی

جمعرات 16 جنوری 2014 15:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جنوری 2014ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قانون ساز اسمبلی آزادکشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے دیگر اضلاع کے نسبت دارالحکومت کو جبری لوڈ شیڈنگ کا نشانہ بنا کر انتقام لیا جا رہا ہے مظفرآباد ڈویثرن کو بجلی کی تقسیم میں جان بوجھ کر نظر انداز کرنے کے ذمہ دار حکمران ہیں جبراً بجلی کی بندش کا کوئی شیڈول نہیں ہے دارالحکومت کے عوام کیساتھ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنی روش تبدیل کرنے سے باز نہ آئے تو سخت رد عمل کا سامنا کرنا پڑے گا حکمران عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے کی کوششوں میں مصروف ہیں آزادکشمیر سے ظلم اور زیادتی برتنے والے حکمران زیادہ دن تک اقتدار میں نہیں رہیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ محکمہ برقیات میں لائن لاسز اور دیگر اخراجات ظاہر کر کے کروڑوں روپے بنائے جا رہے ہیں حکومت عوام کو بجلی کے مسئلہ سے نجات دلوانے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی نا اہل حکمران عوام کو مسائل کی جانب جھونک رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بجلی کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے پورے پاکستان میں بجلی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کیا جاتا ہے لیکن آزادکشمیر اور بالخصوص دارالحکومت میں لوڈ شیڈنگ کا کوئی شیڈول نہیں ہے جب جی چاہتا ہے بجلی کا سوئچ بند کر دیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھ رکھا ہے اگر اس طرح کے سلسلہ کو بند کر کے کوئی ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے گئے تو عوام کے غم و غصہ سے حکمرانوں کو کوئی نہیں بچا سکے گا موجودہ حکومت عوام پر روا رکھے جانیوالے لوڈ شیڈنگ کے سلسلہ کو بند کرے ورنہ اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑیگا ۔