پشاور کے تبلیغی مرکز میں نماز مغرب کے دوران دھماکا، 9 افراد جاں بحق،55سے زائد زخمی، دھماکے میں 5 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، آئی جی بم ڈسپوزل اسکواڈ

جمعرات 16 جنوری 2014 20:30

پشاور کے تبلیغی مرکز میں نماز مغرب کے دوران دھماکا، 9 افراد جاں بحق،55سے ..

پشاور(رحمت اللہ شباب.اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جنوری۔2014ء) پشاور میں چارسدہ روڈ پر واقع تبلیغی مرکز میں نماز مغرب کے دوران دھماکے کے نتہیجے میں9 افراد جاں بحق اور 55سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے واقعے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔نمائندہ اُردو پوائنٹ کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب تبلیغی مرکز کی پہلی منزل پر بڑی تعدادمیں لوگ نماز مغرب ادا کر رہے تھے، دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ تبلیغی مرکز کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ، زخمیوں کو فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت اسپتال پہنچا یا گیا تاہم جلد ہی امدادی ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے، ابتدائی طور پر 55 سے زائد زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسپتال انتظامیہ نے 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جن میں ایک کمسن بچہ بھی شامل ہے جبکہ کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 5 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، یہ دھماکا خودکش نہیں تھا بلکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کارروائی کی گئی، انہوں نے کہا کہ بارودی مواد گھی کے ڈبے میں رکھا گیا تھا جسے ایک بستر میں چھپایا گیا تھا۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔واضح رہے کہ تبلیغی مرکز میں شب جمعہ کے موقع پر خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے اور اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتظامات کئے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :