سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے فلسطینی تنظیم حماس کا اکاوٴنٹ بلاک کردیا

جمعہ 24 جنوری 2014 12:46

غزہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے فلسطینی تنظیم حماس کا اکاوٴنٹ بلاک کردیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق فلسطین کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والی تنظیم حماس کی جانب سے القاسم بریگیڈ کے نام سے ٹوئٹر پر سرگرمیاں جاری تھیں جسے ٹوئٹر انتظامیہ نے شرپسندی پر مبنی مواد پھیلانے کے الزام میں بلاک کردیا، حماس کے ترجمان ابو عبیدہ نے بتایا کہ ٹوئٹر انتظامیہ نے اکاوٴنٹ بلاک کر کے آزادی اظہار پر قدغن لگائی ہے جبکہ اس عمل سے حماس کے دشمن اسرائیل کے سیاسی ایجنڈے کے تکمیل کی کوشش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ اکاوٴنٹ کی بندش اسرائیلی قبضے کے اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت اور فلسطینی شہریوں کے خلاف صیہونی قبضے اورجرائم کو چھپانے کی ایک کوشش ہے، دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے جب ٹوئٹر انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تو ترجمان نے صرف اتنا کہا کہ حماس کا اکاوٴنٹ سیکیورٹی خدشات کی بنا پر بلاک کیا گیا جبکہ انتظامیہ نے مزید کچھ کہنے سے معذرت کرلی۔

متعلقہ عنوان :