داوٴدی بوہرہ جماعت کے نئے روحانی پیشوا کی تقرری تنازع میں بدل گئی

جمعہ 24 جنوری 2014 12:46

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء)داوٴدی بوہرہ جماعت کے نئے روحانی پیشوا کی تقرری تنازع میں بدل گئی۔ سیدنابرہان الدین کے سوتیلے بھائی خزیمہ قطب الدین نے از خود تریپنویں داعی مطلق ہونے کا دعویٰ کردیا۔ قطب الدین کو دھمکی آمیز پیغامات ملنے پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق سیدنا محمد برہان الدین کے انتقال کے بعد ان کے سوتیلے بھائی اور بیٹے کے درمیان جانشینی کا معاملہ ایک اور رخ اختیار کرگیا خود کو بوہرہ جماعت کا روحانی پیشوا قرار دینے والے خزیمہ قطب الدین کی سکیورٹی پر پانچ کانسٹیبلز اور ایک افسر مامور کر دئیے گئے ہیں۔

قطب الدین نے کہا کہ انہیں دھمکی آمیز پیغامات اور ای میلز موصول ہورہی ہیں۔ سیدنا برہان الدین کے انتقال کے بعد ان کے بیٹے مفضل بھائی صاحب سیف الدین کو اگلا روحانی پیشوا قرار دیا جا رہا تھا۔ 2011میں ان کی جانشینی کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ دوسری جانب قطب الدین کو برادری سے نکالے جانے کی منصوبہ بندی کی افواہیں بھی گرم ہیں۔