سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونے والے افراد کو آہوں اور سسکیوں کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا

جمعہ 24 جنوری 2014 16:33

سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونے والے افراد کو آہوں اور سسکیوں کیساتھ ..

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء) سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ کے بعد آہوں اور سسکیوں کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ،ہر آنکھ اشکبار تھی، لوگ اپنے پیاروں کی جدائی اور المناک موت پر غم و بے بسی کی تصویر بنے نظر آئے ، نماز جنازہ میں شریک لواحقین نے مستونگ واقعہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ بہشت زینب قبرستان میں ادا کی گئی جس کی امامت علامہ راجہ ناصر عباس نے کی۔

میتوں کی تدفین بہشت زینب قبرستان میں کئی گئی سانحے میں جاں بحق ہونے والے چار افراد کی میتوں کو ہزارہ ٹاوٴن قبرستان میں دفن کیاگیاتدفین اور نماز جنازہ کے وقت رقت آمیز مناظر دیکھنے کو آئے، جہاں لوگ اپنے پیاروں کی میتوں سے لپٹ لپٹ کر رو رہے تھے، اس موقع پر کچھ افراد نے جذباتی ہو کر نعرے بھی لگائے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس و ایف سی کی بڑی تعداد قبرستان کے چاروں اطراف میں موجود تھی سانحہ مستونگ کے بعد سے کوئٹہ کی فضا سوگوار رہی خصوصاً مستونگ اور ہزارہ ٹاوٴن میں سوگ کا سماں تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سانحہ مستونگ میں انیتس افراد کی زندگی کے چراغ گل ہو گئے تھے۔ سانحے کے خلاف پاکستان بھر کے مختلف شہروں میں دھرنے دیئے گئے۔ کوئٹہ کے علمدار روڈ پر میتوں کے ہمراہ دھرنا دیا جو تقریباً دو روز تک جاری رہا بعد ازاں وزیر داخلہ کی یقین دہانیوں کے بعد کوئٹہ سمیت تمام شہروں میں دھرنے ختم کر دیئے گئے۔