برطانیہ میں مقیم کشمیری 26جنوری کو بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کریں گے

جمعہ 24 جنوری 2014 16:36

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء) برطانیہ میں مقیم تارکین وطن کشمیری 26جنوری کو بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے اس ضمن میں کشمیر مشاورتی کونسل کے زیر اہتمام بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ایک پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔مظاہرے کے قائدین شرکا کومقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے بارے میں آگاہ کریں گے کہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کے دعویدار بھارت نے مقبوضہ علاقے میں لاکھوں کی تعداد میں اپنے فوجی تعینات کر رکھے ہیں اور انہیں آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

ادھر کشمیرتحریک خواتین کی سیکریٹری جنرل شمیم شال نے لند ن کے مختلف علاقوں میں متعدد اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے برطانیہ میں مقیم کشمیری خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ 26جنوری کو لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے پر امن احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کو تمام بنیادی حقوق خاص طورپر خواتین کو ان کے حقوق سے محروم کر رکھا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں اور کارکنوں غیر قانونی طورپر گھروں اور جیلوں میں نظربند کر رکھا ہے اور پبلک سیفٹی ایکٹ اور آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانین کے ذریعے ان کی غیر قانونی نظربندی کو طول دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی ظلم و تشدد سے نجات اور ان کا ناقابل تنسیخ حق ، حق خوداردیت دلوانے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائے ۔

متعلقہ عنوان :