خوشاب کے ضمنی انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کیخلاف ہر فورم پر جائیں گی ‘محمو دالرشید

جمعہ 24 جنوری 2014 16:37

خوشاب کے ضمنی انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کیخلاف ہر فورم پر جائیں ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ( ن) لیگ ملک میں دھاندلی کی بانی جماعت ہے‘ جھرلو سے اقتدار میں آنیوالے حکمران اب بھی جھرلو کی سیاست کرتے ہیں‘ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی بدترین مثال قائم کی گئی ہے‘ تحریک انصاف خوشاب کے ضمنی انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کے خلاف ہر فورم پر جائے گی اور حکمرانوں کو بے نقاب کیا جائیگا۔

جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا کہ 11 مئی کو بھی پنجاب میں بدترین دھاندلی کر کے (ن) لیگ اقتدار میں آئی اور اس کے بعد بھی ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا سلسلہ رکا نہیں بلکہ خوشاب میں سب سے بڑی دھاندلی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف یہ فیصلہ کر چکی ہے کہ ہم 11 مئی اور ضمنی انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی پر کسی بھی صورت خاموش نہیں رہیں گے بلکہ اس پر بھر پور آواز بلند کرینگے اور حکمرانوں کے اصل چہرے کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخاب میں ہونیوالی دھاندلی کا ضرور نوٹس لینا چاہئے اور ان تمام کرداروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے جنہوں نے عوام کے حق پر ڈاکہ مارتے ہوئے خوشاب میں دھاندلی سے ن لیگ کے امیدوار کو کامیاب کروایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام باشعور ہیں وہ دھاندلی کرنیوالوں کے چہروں کو دیکھ رہے ہیں اور انہیں کبھی معاف نہیں کرینگے۔