دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے فوری اور سنجیدہ حکم عملی کی ضرورت ہے،محمد اعجاز الحق

جمعہ 24 جنوری 2014 16:42

دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے فوری اور سنجیدہ حکم عملی کی ضرورت ہے،محمد ..

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء)پاکستان مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ سابق وفاقی وزیر محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے فوری اور سنجیدہ حکم عملی کی ضرورت ہے۔ اے پی سی اور دیگر مشاورتوں سے وقت ضائع ہو گا۔ غیر ملکی ایجنسیاں پاکستان کے اندر داخل ہو چکی ہیں۔ پاکستان میں فرقہ واریت اور دہشت گردی کے پیچھے غیر ملکی ایجنسیوں کا ہاتھ ہے۔

حکومت واضع اور دو ٹوک پالیسی بنا کر قومی اسمبلی اور سینٹ کا مشترکہ اجلاس بلاکر اپنی حکمت عملی کی منظوری لے۔ پاکستان کے 18کروڑ عوام ملک میں امن چاہتے ہیں۔ پاکستان کی معیشت، روز گار ،امن و امان سب اسی سے منسلک ہیں لوگوں کی جان کو تحفظ دینا حکومت کا کام ہے اور جو بھی فیصلہ کرنا ہے حکومت کو کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

یہاں صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اعجاز الحق نے کہا کہ اگر مذاکرات کرنے ہیں تو حکومت براہ راست مذاکرات کرے۔

مولانا فضل الرحمن اور مولانا سمیع الحق کے بس کی بات نہیں ہے اور اگر اب بھی حالات پر قابو نہ پایا گیا تو سارے سسٹم کو خطرہ لاحق ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام دہشت گردی کی بنیاد افغانستان سے ہے۔ افغانستان، امریکہ اور ہنددستان مشترکہ طور پر پاکستان میں افراتفری کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس غیر ملکی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کی جو معلومات ان کے پاس موجود ہیں اس کے بارے میں پارلیمنٹ کو اعتبار میں لے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا حکمران جب تک امریکہ سے ڈکٹیشن لینا بند نہیں کریں گے اپنی خودمختاری اور آزادی کا تحفظ نہیں کریں گے تب تک ملک کے حالات بہتر نہیں ہو سکتے۔