وزیراعظم آزاد کشمیرکا بیان اداروں میں پارٹی جیالوں کو ہی عزت دی جائے ان کے بیمار اور پست ذہنیت کی مثال ہے ،محمد عظیم دت

ہفتہ 25 جنوری 2014 15:32

میر پور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25جنوری 2014ء) جموں کشمیر محاذ رائے شماری کے سابق مرکزی صدر محمد عظیم دت ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیرکا یہ بیان کہ اداروں میں صرف پارٹی جیالوں کو ہی عزت دی جائے اور ان کے کام کئے جائیں یہ ان کے بیمار اور پست ذہنیت کی واضح مثال ہے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے پچاس لاکھ سے زائد باشندگان ریاست درجہ اول کدھر جائیں گے اور انہیں کون عزت دے گا وزیر اعظم آزاد کشمیر کا بیان افراتفری اور مایوسی پھیلانے کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صرف ایک ہی سیاسی کلب ہے جس میں حکمران ،اپوزیشن اور سابقہ حکمران شامل ہیں جو عوام کے خون پسینے کی کمائی ہوئی رقم کو بے دردی سے لُوٹ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ 81 فیصد بجٹ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کی عیاشیوں پر خرچ ہو رہا ہے موجودہ اور سابقہ وزرائے اعظم، صدور لاکھوں روپے اپنے ذاتی مکانوں کا کرایہ وصول کرتے ہیں سابقہ حکمرانوں کے منہ بند کرنے کے لئے ہر صدر، وزیر اعظم کو مفت میں نئی گاڑیاں ،پٹرول، پنشن، عملہ، میڈیکل الاؤنس اور نہ جانے کیا کیا دیا جاتا ہے جب کہ وزراء اور ممبران اسمبلی و کونسل کو بھی ماہانہ وظائف دیئے جاتے ہیں اس طرح عیاشو ں کا ایک ہی سیاسی کلب ہے جس کا منہ بولتا ثبوت اپوزیشن کی پارٹی کے رہنما کو چیف الیکشن کمشنر بنانے کی وزیر اعظم کی رضامندی کی خبر ہے محاذ کے سابق صدر نے کہا کہ اس عیاش کلب کے ممبران عوام کو ز یا دہ دیر تک بے وقوف نہیں بنا سکتے اور نہ ہی تقسیم کشمیر کی سازش کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)دونوں غیر ریاستی جماعتیں ہیں جو ہندوستان کو خوش کرنے کے لئے اور ممبئی و جاتی اُمراء کی جائیدادیں حاصل کرنے کے لئے تقسیم کشمیر کی اندرون خانہ سازشیں کر رہی ہیں جنہیں عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :