تھری اور فور جی سپیکٹرم کے لائسنس کو مارچ میں نیلامی کیلئے پیش کرنے کا فیصلہ

اتوار 26 جنوری 2014 14:22

تھری اور فور جی سپیکٹرم کے لائسنس کو مارچ میں نیلامی کیلئے پیش کرنے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26جنوری 2014ء)تھری اور فور جی سپیکٹرم کے لائسنس کو مارچ میں نیلامی کیلئے پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق تھرڈ جنریشن سپیکٹرم موبائل فون پر ہائی سپیڈ وائرلیس نیٹ ورک کے ذریعے فراہم کی جانے والی جدید ترین براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس ہے، اس وقت پاکستان میں جو ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے، اس کا نام سیکنڈ جنریشن سپیکٹرم ہے جس کے تحت موبائل فون صارفین کو صرف 8 میگابائٹ فی سیکنڈ ڈاوٴن لوڈنگ سپیڈ دستیاب ہوتی ہے۔

تھرڈ جنریشن سپیکٹرم کی سپیڈ 60میگابائٹ فی سیکنڈ جبکہ فور جی سپیکٹرم کی سپیڈ 100میگابائٹ فی سیکنڈ ہوتی ہے۔گزشتہ سال دسمبر کے دوران ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد بارہ کروڑ 97 لاکھ تک جاپہنچی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) کے اعدادوشمار کے مطابق وقت ملک کی مجموعی آبادی کا بہتر فیصد حصہ موبائل فون سے استفادہ کر رہا ہے۔

موبائل فون صارفین کی کثیرتعداد کو دیکھتے ہوئے حکومت نے تھرڈ جنریشن سپیکٹرم کے ساتھ ہی بیک وقت فورتھ جنریشن سپیکٹرم بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں فراہم کی جانے والی ٹیلی کام کی سہولیات دستیاب ہوجائیں گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مارچ میں اس جدید ترین ٹیکنالوجی کی نیلامی شفاف طریقے سے مکمل ہوگئی تو یہ پاکستان کے سماجی اور معاشی شعبوں میں انقلاب برپا کردے گی۔