جماعت اسلامی کریش پروگرام کے تحت اگلے تین ماہ میں ہر سطح پر تنظیم قائم کرے گی،عبدالرشید ترابی

پیر 27 جنوری 2014 14:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27جنوری 2014ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کریش پروگرام کے تحت اگلے تین ماہ میں پورے آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور پاکستان میں مقیم مہاجرین میں ہر سطح پر تنظیم قائم کرے گی،اس کام کے لیے جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکن آج ہی سے اپنے گھروں سے نکلیں آزاد خطے میں سیاسی نظام ناکام ہو چکا ہے عوام مسائل کی دلدل میں گرے ہوئے ہیں،ہر گزرتے دن کے ساتھ ان مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے،ان حالات میں جماعت اسلامی ہی تبدیلی کا ایجنڈا لے کر نکلی ہے اور امید کی واحد کرن ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان،نائب امیر و سیاسی امور کے چیئرمین ڈاکٹر مشتاق،گلگت بلتستان کے امیر مولانا عبدالسمیع،نائب امیر مشتاق ایڈووکیٹ،امیر مہاجرین مقیم پاکستان نورالباری،نائب امیر ڈاکٹر خالد محمود ،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر محمود الحسن چودھری سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے اعلان کیا کہ نوجوانوں کو منظم کرنے کے لیے ان کے حقوق کے حصول اور ظلم و نا انصافی کے خلاف ریاست بھر میں شباب ملی قائم کر دی گئی ہے،جو نوجوانوں میں کام کر کے نوجوانوں کے انقلاب اور تبدیلی کا ہر اول دستہ بنائے گی،ظلم اور نا انصافی کے خلاف دیوار بنے گی،اسلامی جمعیت طلبہ،جمعیت طلبہ عربیہ،اپنے اپنے دائروں میں نوجوانوں منظم کریں دنیا میں جہاں کہیں بھی انقلاب اور تبد یلی آئی ہے نوجوان ہی اس کا ہر اول دستہ ہیں،کشمیر ،فلسطین ،مصر،تیونس میں نوجوانوں ہی نے انقلاب برپا کیے ہیں اور آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں،جماعت اسلامی نوجوانوں کو منظم کر کے حقیقی تبدیلی لائے گی،انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین آبادی کا 52فیصد ہیں جماعت اسلامی نے خواتین میں کام کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے،مغربی استعمار ہماری پاکباز خواتین کو خاص ہدف بنائے ہوئے ہے،خاندانی نظام کو تباہ کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں،جماعت اسلامی خواتین کے دائرے میں کام کر کے خواتین کو مغربی تہذیبی یلغار سے بچانے اور خاندانی نظام کو تباہ ہونے سے بچانے کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی وحدت کشمیر کی علامت ہے،تقسیم کشمیر کے خلاف جہاد کریں گے،پیکجز کے نام پر جماعت اسلامی تقسیم کشمیر کی ہر سازش کو ناکام بنائے گی،انہوں نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو آئینی طور پر مربوط کر کے تحریک آزاد ی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنایا جائے تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے اور اس تحریک کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ریاست کے آزاد حصے بیس کیمپ کا کردار ادا کریں،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی امید کی واحد کرن ہے جماعت اسلامی کے کارکن عوام کے ترجمان بن کر اپنے گھروں سے نکلیں،دین کی دعوت کو ہر فرد اور ہر گھر تک پہنچائیں معاشرے میں پھیلے ہوئے اچھے اور موثر افراد کو اپنی جماعت میں شامل کریں تا کہ آزاد خطے میں حقیقی فلاحی معاشرہ اور ریاست قائم ہو سکے جو یہاں کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیر کی آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کردار ادا کر سکے۔

متعلقہ عنوان :