شہرقائد میں بدامنی کا تسلسل جاری، فائرنگ اور پرتشددواقعات میں پولیس افسر سمیت6افرادنامعلوم گولیوں کا نشانہ بن گئے،منگھوپیرمیں مبینہ مقابلے کے دوران رینجرز کے ہاتھوں کالعدم تنظیم کا کارکن مارا گیا۔پولیس نے مقابلوں کے بعد 4ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا

جمعرات 30 جنوری 2014 19:39

شہرقائد میں بدامنی کا تسلسل جاری، فائرنگ اور پرتشددواقعات میں پولیس ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جنوری ۔2014ء) شہرقائد میں بدامنی کا تسلسل جاری،جمعرات کو فائرنگ اور پرتشددواقعات میں پولیس افسر سمیت6افرادنامعلوم گولیوں کا نشانہ بن گئے،جبکہ منگھوپیرمیں مبینہ مقابلے کے دوران رینجرز کے ہاتھوں کالعدم تنظیم کا کارکن مارا گیا۔رینجرز اورپولیس نے مقابلوں اور چھاپہ مارکارروائیوں کے دوران81ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کی حدوداورنگی نمبر16اسکول روڈ پرمیں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 40سالہ اے ایس آئی منظورحسین ولد نجف حسین جاں بحق ہوگیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق اے ایس آئی منظور نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت گلشن بہارمیں واقع اسکول روڈ پر گولیوں کا نشانہ بنایا جب وہ گھر سے ڈیوٹی پر جارہا تھا ۔

(جاری ہے)

مقتول دو بچوں کا باپ ،طوری بنگش کچی آباد نزد فارسی امام بارگاہ کا رہائشی اور بطور انچارج لیگل برانچ ایس آفس نیوکراچی میں تعینات تھا ۔

،پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کراسپتال منتقل کردیا ہے۔پاک کالونی تھانے کی حدود لیاری ریکسرلائن دھوبی گھاٹ کے قریب سے 30سالہ شخص کی تشددزدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔لاش کی شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم مقتول چہرے سے بلوچ معلوم ہوتا ہے ۔لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ سرسید تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر 11-Bرشید آباد توحید کالونی میں میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے 30سالہ محمد اکبر حسین ولد محمد اصغر حسین کو قتل کردیا ۔

مقتول اسی علاقے کا رہائشی تھا اور گھر سے نکل کر ملازمت پر جا رہا تھا کہ ملزمان کا نشانہ بن گیا ۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ واقعہ فرقہ وارانہ دہشت گردی کی واردات معلوم ہوتا ہے۔پولیس کے مطابق مقتول علاقے میں واقع امام بارگاہ کا متولی تھا۔سچل تھانے کی حدود میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب عباس ٹاوٴن کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے 35سالہ ظہیر محمد ہلاک ہوگیا ۔

مقتول ٹنڈوالہیار سندھ کا رہائشی بتایا جاتا ہے ۔سہراب گوٹھ تھانے کی حدود گلشن معمار نئی سبزی منڈی کے قریب بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب فائرنگ سے اسفند یار ولد ملوک خان ہلاک ہوگیا ۔مقتول لال قلعہ بونیر کا رہائشی بتایا جاتا ہے ۔قائد آباد کے علاقے مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار پر فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں کار میں سوار شفقت عزیز جاں بحق جبکہ اختر حسین زخمی ہوگیا ۔

ادھر لیاری میں دو گروہوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں دبئی چوک کے قریب دستی بم حملے میں گینگ وار سے تعلق رکھنے وال مرکزی ملزم افضل بلوچ عرف بابو ہلاک ہوگیا جبکہ فائرنگ اور دستی بم حملوں میں کلری کے علاقے نیا آباد میں 30عبدالجبار ولد عید محمد بلوچ ،کلاکوٹ کے علاقے گل محمد لین میں 42سالہ ستار ولد محمد یوسف ،لیاری آٹھ چوک مقبول مسجد کے قریب روشن ولد وارث ،16سالہ روبن ولد وارث اور سلاٹر ہاوٴس کمالیہ میں 25سالہ اشوک ولد جان تیلا زخمی ہوگئے ۔

واقعہ کے بعد دونوں گروہوں نے آزادنہ ایک دوسرے پر مورچہ بند فائرنگ کی اور راکٹ فائر کئے ،جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔واقعات کے بعد پولیس اور رینجرز نے لیاری سے 6مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔کورنگی صنعتی ایریا لکھنو سوسائٹی سی این جی اسٹیشن کے قریب آئل ریفائنری کا ملازم 30سالہ عابد ولد شریف ،تیموریہ کے علاقے لنڈی کوتل میں 45سالہ حفیظ ولد غلام حیدر ،اورنگی ٹاوٴن تھانے کی حدود 12نمبر چمچہ ہوٹل کے قریب 24سالہ اکرام ولد عظیم زخمی ہوگئے ۔

ادھر نیو ٹاوٴن تھانے کی حدود ڈی سی ایسٹ کے دفتر کے اندر چار بھائی اپنے فلیٹ کی تصدیق کے لیے آئے جہاں ان کے کزن ان پر فائرنگ کردی ۔فائرنگ کے نتیجے میں ڈی سی آفس کا ملازم عرفان شیخانی اور ڈی سی آفس میں تعینات سب انسپکٹر آغا معشوق علی زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ۔جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔فائرنگ سے ادھرمنگھوپیر میں رینجرزسے مبینہ مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان کا ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک فرارہونے میں کامیاب ہوگیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق منگھوپیرروڈ پررینجرز نے دوموٹرسائیکل سوار افرادکو روکنے کی کوشش کی توملزمان نے رینجرزپر فائرنگ کردی جوابی فائرنگ میں ایک 30سالہ دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔ دہشت گرد حلئے سے پٹھان معلوم ہوتا ہے تاہم دہشت گرد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے ۔لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں گلشن غازی ،تیسر ٹاوٴن،قصبہ کالونی ،منگھوپیر ،مشکی پاڑہ ،قیوم آباد ،پٹیل پاڑہ اور مشرف کالونی میں خفیہ اطلاعات پر چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 81افراد کو گرفتار کرلیا ۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 102ہتھیار جن میں 3ایس ایم جی بھی شامل ہیں برآمد کرلی ہیں ۔تمام افراد کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔خواجہ اجمیرنگری پولیس سے مقابلے بعد 3افرادکو گرفتار کرلیا ہے ،گرفتار افرادکی شناخت سلمان، ایازاورآصف کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق ملزمان پولیس کو متعددمقدمات میں مطلوب تھے۔