ہمیں ملک کی سالمیت سب سے زیادہ عزیز ہے ،دہشتگردی کو ہر صورت ختم کرینگے ،وزیر اعظم نواز شریف ،مستونگ میں زائرین کی بس پر حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائیگی ، حکومت زائرین کو فضائی اور بحری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے ،پی آئی اے کی خصوصی پروازیں چلائی جائینگی ، وزیر اعظم کی صوبائی کابینہ کے اراکین سے گفتگو

جمعرات 30 جنوری 2014 21:24

ہمیں ملک کی سالمیت سب سے زیادہ عزیز ہے ،دہشتگردی کو ہر صورت ختم کرینگے ..

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جنوری ۔2014ء) وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نے کہا ہے کہ ہمیں ملک کی سالمیت سب سے زیادہ عزیز ہے ،دہشتگردی کو ہر صورت ختم کرینگے ، مستونگ میں زائرین کی بس پر حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائیگی ، حکومت زائرین کو فضائی اور بحری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے ،پی آئی اے کی خصوصی پروازیں چلائی جائیگی ۔

وہ جمعرات کو کوئٹہ میں صوبائی کابینہ کے اراکین و دیگرشرکاء کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زائرین کو فضائی اور بحری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ زائرین کے لئے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں چلائی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ فرقہ واریت قتل وغارت اورامن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے سنگین مسائل درپیش ہے ۔

(جاری ہے)

امن وامان کا مسئلہ صرف بلوچستان کا نہیں پورے ملک کودرپیش ہے اس پر جلد قابو پانا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے شکار ہونے والے بلوچستان کے عوام یہ نہ سمجھیں کہ ہم اکیلے ہیں بلکہ حکومت اور پوری قوم ان کے درد و غم میں برابرکے شریک ہیں۔ وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نے کہا کہ بے روزگاری ختم کرنے کے لئے حکومت نے نوجوانوں کیلئے یوتھ بزنس لون پروگرام کا اجراء کیا ہے اور بلوچستان کے نوجوان اس قرضہ سکیم پروگرام سے بھرپورفائدہ اٹھائیں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔

جس صوبے کا جتنا کوٹہ ہے وہ وہاں کے عوام کو پورا ملے گا انشاء اللہ کسی کی حق تلفی نہیں ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ آج بلوچستان کے چار اہم شاہراہوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے ان شاہراؤں میں قلعہ سیف اللہ ژوب N-50 قلات کوئٹہ چمن N-25 سوراب خوشاب ،N-85 اور گوادر تربت خوشاب N-8شامل ہیں۔ان شاہراہوں کو مکمل کرنے کے لئے حکومت بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ صوبہ بلوچستان کا دوسرے صوبوں کے ساتھ آمدورفت کے سلسلے میں آسانیاں پیدا ہوں اور عوام کو ریلیف ملے۔

اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی بلوچستان نے وزیراعظم میاں محمدنوازشریف کا شکریہ ادا کیا اور مزید برآں بلوچستان کی ترقی اور امن وامان کے حوالے سے مختلف مسائل کی نشاندہی بھی کی۔ وزیراعظم کی یقین دہانی پر صوبائی وزراء و اراکین اسمبلی نے وزیراعظم کا بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں دلچسپی لینے پر مسرت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم میاں محمدنوازشریف بلوچستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں جوکہ قابل ستائش ہے۔

متعلقہ عنوان :