کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں6 افراد جاں بحق ہوگئے،پولیس نے مشرف کالونی سے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا جبکہ سٹی کورٹ مال خانے میں دستی بم پھٹنے سے سب انسپکٹر زخمی ہوگیا۔ اپ ڈیٹ

جمعہ 31 جنوری 2014 20:53

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں6 افراد جاں بحق ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 جنوری ۔2014ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے مشرف کالونی سے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا جبکہ سٹی کورٹ مال خانے میں دستی بم پھٹنے سے سب انسپکٹر زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی پاور ہاوٴس کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ محمد اسحاق زخمی ہوگئے ۔

مضروب کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔ گبول ٹاوٴن صنعتی ایریا کے علاقے نیو کراچی گودھرا کیمپ میں گھر سے 40سالہ مولا بخش ولد جڑیل کی تشدد زدہ لاش ملی ۔پولیس کے مطابق مقتول اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مکان میں رہتا تھا جبکہ واقعہ کے بعد اس کے ساتھ رہنے والے دونوں افراد لاپتہ ہیں ۔

(جاری ہے)

واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ۔

مقتول دولت پور سندھ کا رہائشی بتایا جا تا ہے ۔مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی سردخانے منتقل کردیا گیا ۔ موچکو تھانے کی حدود بلدیہ لکی چڑھائی کے قریب سے ی 27سالہ فیصل بلوچ کی تشدد زدہ لاش ملی۔ مقتول کے سر پر گولی لگی ہوئی ہے۔لاش کا ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی سردخامنے منتقل کردیا گیا ۔پی آئی بی تھانے کی حدود پرانی سبزی منڈی کے قریب فائرنگ سے 35سالہ عبدالغفار ولد گل رحیم ہلاک جبکہ 25سالہ شیرزمان ولد غلام حیدر زخمی ہوگیا ۔

پولیس کے مطابق مقتول کنسٹرکشن کا ٹھیکیدار تھا اور اس کا آبائی تعلق باجوڑ سے بتایا جاتا ہے ۔مقتول گھر میں اکیلا رہتا تھا ۔کورنگی صنعتی ایریا جام صادق پل کے نیچے سے 28سالہ نوجوان کی لاش ملی تاہم نوجوان کی موت کی وجہ معلوم نہ ہوسکی ۔نوجوان کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی سردخانے منتقل کردیا گیا ۔ادھرمنگھوپیر سے گذشتہ روز ملنے والی لاش کی شناخت ایم کیو ایم لیاری یونٹ 32کے کارکن عامر کے نام سے ہوگئی۔

سٹی کورٹ مال خانے میں دستی بم پھٹنے سے مال خانے کا انچارج سب انسپکٹر سہراب علی مورائی زخمی ہوگیا۔سعید آباد تھانے کی حدود مواچھ گوٹھ جمعہ بازار میں ڈکیتی مزاحمت پر 30سالہ اسماء ،60سالہ مریم زوجہ یونس ،10سالہ رسول بلوچ ولد برکت علی زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ۔تمام افراد بلدیہ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں ۔سرسید ٹاوٴن تھانے کی حدود شادمان ٹاوٴن نمبر ایک میں فائرنگ سے 28سالہ ظفر ولد چاند ،کلاکوٹ میں فائرنگ سے 35سالہ فقیر محمد ولد محمد اسماعیل اور 40سالہ اعجاز ولد حکیم ،بغدادی تھانے کی حدود کمیلا اسٹاپ پر فائرنگ سے 30سالہ عتیق ولد غلام رسول اور 30سالہ خاتون حکیمہ زوجہ سلام ،گل محمد لین میں 35سالہ زبیدہ زوجہ شاہنواز زخمی ہوگے۔

دوسری جانب مشرف کالونی میں پولیس نے ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے مشرف کالونی میں کارروائی کرکے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان بابر ولد عبدالغنی اور شاہ زیب ولدعارف مسیح ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان سے 2ٹی ٹی اور ایک کلاشنکوف برآمد کرلی گئی ۔

متعلقہ عنوان :