بھارتی حکمران تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے لیے بھارت نواز رہنماؤں کو استعمال کر رہے ہیں،سید علی گیلانی

ہفتہ 1 فروری 2014 16:16

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1 فروری 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر بندنام کرنے کے لیے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سمیت دیگر بھارت نواز رہنماؤں کو استعمال کر رہا ہے۔ سید علی گیلانی نے سرینگر میں قائم ایک خبر رساں ادارے کو نئی دہلی سے ٹیلیفونک انٹرویو میں کہا کہ عمر عبداللہ سمیت تمام بھارت نواز رہنما جموں وکشمیر کی موجودہیئت کو جوں کا توں رکھنا چاہیے ہیں لیکن کشمیریوں کو یہ بات ہرگز قبول نہیں۔

بزرگ رہنما نے کہا کہ بی بی سی پرکٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کے ایک انٹرویو سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کا ہرگز مستقل حل نہیں چاہتے ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارتی حکومت کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کی مدد سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام بھارت نواز رہنما اپنے ذاتی مفادات کے حصول کے لیے سرگرم ہیں اوروہ نئی دلی کے اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر کشمیریوں کے مفادات کا خون کر رہے ہیں۔

بزرگ رہنما نے پتھری بل جعلی مقابلے کے مقدمے کے حوالے سے حوالہ سے کہا کہ کشمیریوں نے کبھی بھی بھارت سے انصاف کی امید نہیں رکھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے نہ صرف چھٹی سنگھ پورہ میں سکھوں کا قتل عام کیا بلکہ پتھری بل میں پانچ بے گناہ کشمیریوں کو بھی جعلی مقابلے میں قتل کر دیا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ جب قاتل اور منصف ایک ہی ہوں تو انصاف کیسے مل سکتا ہے۔ انہوں نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ تحریک آزادی کے رہنماؤں محمد مقبول بٹ اور محمدافضل گورو کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر 9،10اور 11فروری کو مکمل ہڑتال کریں۔

متعلقہ عنوان :