پہلی مرتبہ سب سے بڑی صحت کی مہم شروع کردی ہے،شوکت یوسفزئی،پوائنٹ سکورنگ نہیں کررہے ، الزام لگانے والے سیاسی مخالفین بتائیں کہ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں صحت کے لئے کیا کیا،پریس کانفرنس

اتوار 2 فروری 2014 20:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 فروری ۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ تاریخ کی سب سے بڑی صحت کی مہم شروع کردی ہے پوائنٹ سکورنگ نہیں کررہے ، الزام لگانے والے سیاسی مخالفین بتائیں کے انہوں نے اپنے دور اقتدار میں صحت کے لئے کیا کیا۔ سول آفیسرز میس پشاور میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صحت کا انصاف مہم کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ یہ مہم تاریخ کی سب سے بڑی صحت مہم ہے جس میں فی الوقت پشاور کی پنتالیس یونین کونسلوں میں ایک لاکھ بیس ہزار گھروں کو کامیابی سے ٹارگٹ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس مہم میں 1992 ٹیموں نے حصہ لیا جس میں 981 پی ٹی آئی رضا کار جبکہ ھیلتھ ورکرز اسکے علاوہ تھے ۔ مہم کے دوران بچوں کو 9 بیماریوں سے بچاو کے حفاظتی قطرے پلائے گئے ۔ انہوں نے واضح کیا سیفٹی کٹس مستحقین کو دی جائیں گی اور جن علاقوں میں ڈسپنسریاں نہیں ہیں وہاں میڈیکل کیمپس لگائے جائینگے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صحت کا انصاف مہم کا پہلا مرحلہ تین مہینے تک جاری رہیگا ۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ شہر میں تو دفعہ ایک سو چوالیس لگائی گئی اور نہ ہی موبائل سروس بند کی گئی مہم کو الیکشن کمپین کہنے والے سیاسی مخالفین تنقید برائے تنقید کی بجائے آگے بڑھ کر ہمارہ ساتھ دیں ۔