کراچی، بدامنی کا تسلسل جاری، فائرنگ، پرتشدد واقعات اور دو دستی بم حملوں میں پولیس افسر سمیت چار افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے

اتوار 2 فروری 2014 22:58

کراچی، بدامنی کا تسلسل جاری، فائرنگ، پرتشدد واقعات اور دو دستی بم حملوں ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 فروری ۔2014ء) شہر قائد میں بدامنی کا تسلسل جاری، اتوار کو بھی فائرنگ، پرتشدد واقعات اور دو دستی بم حملوں میں پولیس افسر سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فرنٹیئر کالونی میں نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر ڈیوٹی سے واپس گھر آنے والے سب انسپکٹر شفیق سواتی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

سب انسپکٹر شفیق سواتی سائٹ ایریا تھانہ اے میں تعینات تھا۔ مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی۔ لیاری موسی لین میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ دونوں کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

(جاری ہے)

دونوں افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

سائٹ مومن آباد تھانے کی حدود میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ایک جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کی لاش کو شناخت اور دیگر کاروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے سائٹ اور پرانی سبزی منڈی دستی بم حملوں کی آواز سے گونج اٹھے۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ میں دستی بم حملے میں دو افراد زخمی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق سائیٹ ایریا کے قریب ہارون آباد میں نامعلوم ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے جس جگہ دستی بم حملہ کیا وہ جامعہ حفصہ للبنات اور جمعیت علماء اسلام (ف) کراچی کا رابطہ کار آفس ہے۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کراچی کے امیر قاری محمد عثمان کے مطابق جامعہ حفصہ پر دستی بم حملے میں چوکیدار سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے دستی بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کیا جائے جبکہ کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب بھی دستی بم حملہ ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دستی بم حملہ لیاقت آباد سندھی ہوٹل کو یونیورسٹی روڈ سے ملانے والی سڑک پر ہوا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دستی بم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار جائے وقوعہ کا جائزہ لے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :