امن کے قیام کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے کندھوں پر بھی بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں،پرویزخٹک، امن مذاکرات کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور خطے میں پائیدار امن و آشتی اور اُخوت کا ماحول قائم کرنے کیلئے طالبان اور حکومتی مذاکراتی کمیٹیوں سے پورا تعاون کرینگے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پیر 3 فروری 2014 21:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 فروری ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے جرنلسٹس ویلفیئر اینڈ سیفٹی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن اور تخت بھائی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں کامیابی پر نو منتخب عہدیداروں کو دلی مبارکباد دی ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ وہ اور ان کے دیگر ساتھی معاشرے میں اعلیٰ صحافتی اقدار کے فروغ اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے یکساں طور پر مخلصانہ کوششیں جاری رکھیں گے جرنلسٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور سینئر صحافی سید علی حضرت باچا اور تخت بھائی پریس کلب کے نو منتخب چیئرمین حیات اللہ اور ان کی کابینہ کے دیگر عہدیداروں کے نام اپنے الگ الگ تہنیتی پیغامات میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج کے گھمبیر حالات میں جب ملک میں ایک دہائی سے جاری بدامنی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے امن کوششوں کا آغاز ہو گیا ہے سیاستدانوں اور حکومت کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے کندھوں پر یہ بھاری قومی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ امن کے قیام کے لئے حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے اور اس سلسلے میں عوام اور حکومت کی رہنمائی میں اپنا اہم کردار ادا کریں اُنہوں نے کہا کہ اُنکی صوبائی حکومت ہمارے پارٹی سربراہ عمران خان کی ہدایات کے تحت امن مذاکرات کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور خطے میں پائیدار امن و آشتی اور اُخوت کا ماحول قائم کرنے کیلئے طالبان اور حکومتی مذاکراتی کمیٹیوں سے پورا تعاون کرے گی اور میڈیا سے بھی ہمیں اسی طرح کی اچھی توقعات ہیں وزیراعلیٰ نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ نو منتخب صحافی عہدیدار عوامی مسائل کو مناسب سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کیلئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا کے صحافیوں نے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں اور پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران جانوں کے نذرانے پیش کئے صوبائی حکومت ان کی قربانیوں کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتی ہے انہوں نے یقین دلایا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں صحافیوں کی فلاح و بہبود ، پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کیلئے ماحول کو ساز گار بنانے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی وزیراعلیٰ نے توقع ظاہر کی کہ تمام صحافی عہدیدار صحافیوں کی فلاح و بہبود اور قومی مسائل اُجاگر کرنے کیلئے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو بھر پور انداز میں بروئے کار لائیں گے اور اس حوالے سے حکومت کو مثبت اور قابل عمل تجاویز دیں گے وزیر اعلیٰ نے اُنہیں اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔